• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ایک کروڑ 29 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار

لاہور ( محمد صابر اعوان سے ) ہیپاٹائیٹس کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ایک کروڑ 29 لاکھ متاثرہ مریضوں کے ساتھ خطے کا سرفہرست ملک بن گیا ہے جہاں ہر 11منٹ میں ایک مریض ہیپاٹائٹس کے باعث زندگی کی بازی ہار رہا ہے،تشویشناک امر یہ ہے کہ متاثرہ ہر 10 میں سے صرف 3 افراد ہی اپنی بیماری سے آگاہ ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں مریض بروقت علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔جس پر عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سمیت تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ سائنسی بنیادوں پر فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ 2030 تک ہیپاٹائٹس کو صحتِ عامہ کے بڑے خطرے کے طور پر ختم کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی کوششوں، بالخصوص وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس سی، کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔