کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ ہفتے کی شام سیفی اسپتال کے نو تعمیر شدہ 11 منزلہ کارڈیک ونگ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ کراچی کے ہیلتھ کیئر انفرااسٹرکچر میں ایک بڑا اضافہ ہے جو ایک ہی چھت کے نیچے دل کی بیماریوں کی جدید تشخیصی، علاج، سرجری، آئی سی یو اور بحالی کی خدمات فراہم کرے گا۔ یہ مقصد کے تحت بنائی گئی سہولت، روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی رہنمائی اور سرپرستی میں قائم کی گئی ہے۔ یہ پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال اور سماجی ترقی میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہے۔ افتتاحی تقریب نارتھ ناظم آباد میں الجامعۃ السیفیہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے نمائندے شہزادہ قصی وجیہ الدین، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی، ایم این اے ڈاکٹر اختیار بیگ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سائبر نائف سیفی کے پروفیسر طارق محمود، طبی ماہرین، سفارت کاروں، کاروباری رہنماؤں، داؤدی بوہرہ برادری کے ارکان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے داؤدی بوہرہ برادری، سیفی اسپتال کے ٹرسٹیز اور طبی برادری کو اس عالمی معیار کے ہیلتھ کیئر پروجیکٹ کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ اور پاکستان کے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ دیکھ کر انتہائی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ کراچی کے سب سے گنجان آباد اضلاع میں سے ایک میں دل کا ایسا جدید اور ترقی یافتہ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ یہ سہولت اعلیٰ معیار کا کارڈیک علاج فراہم کرے گی اور صوبے میں دل کے امراض کی مخصوص ہیلتھ کیئر سروسز کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دل کی بیماری ہمارے وقت کے سب سے بڑے صحت کے چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ بروقت اور مخصوص کارڈیک کیئر تک رسائی زندگی اور موت کے درمیان فرق ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لئے یہ کارڈیک ونگ محض انفرااسٹرکچر کی توسیع نہیں بلکہ جانیں بچانے میں ایک سرمایہ کاری ہے۔