• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پی ٹی آئی کارکنوں کا پتھراؤ، پولیس کی شیلنگ، بد ترین ٹریفک جام

کراچی میں فوارہ چوک کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے  شیلنگ اور لاٹھی چارج  کیا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث اطراف کی دکانیں بند کردی گئی تھیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مسرور سیال سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج ختم ہوگیا اور ٹریفک بھی بحال ہوگئی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث گورنر ہاؤس، میٹروپول اور شاہین کمپلیکس کے اطراف بدترین ٹریفک جام ہوگیا تھا، ایم آر کیانی روڈ سے فوارہ چوک تا دین محمد وفائی روڈ ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا، کوسٹ گارڈ سے ریگل چوک تا سرور شہید روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہا۔

 ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی جانے والی سڑک  بھی بند کی گئی تھی، زم زمہ اسٹریٹ، خیابانِ شمشیر آنے اور جانے والے دونوں ٹریک بند تھے، سر شاہ سلیمان روڈ، قبا مسجد غریب آباد تا لیاقت آباد دونوں ٹریک بند رہے۔

قومی خبریں سے مزید