اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم،موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو فی لیٹر 100 روپے سستے پیٹرول کی فراہمی کیلئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم فعال، رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا گیا ، گاڑیوں کی تصدیق کا عمل مکمل خودکار، فیول ٹوکن پمپ پر دکھا کر تصدیق کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا، وزارت آئی ٹی نے وزیرِ اعظم پاکستان کے عوامی عزمِ اور سخت اقتصادی حالات میں محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے صوبائی محکمہ جات، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے ایک جامع اور خودکار ڈیجیٹل سسٹم تیار کیا ہے،اس خصوصی اسکیم کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو مہنگے پیٹرول کے بوجھ سے بچانا اور شفاف طریقے سے سبسڈی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اس سکیم کے تحت مستحق شہریوں کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، موٹر سائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے، صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے شعبوں کے ساتھ مل کر گاڑیوں کی تصدیق کا عمل مکمل طور پر خودکار بنایا گیا ہے۔