اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ابنائے ہرمز کے راستے توانائی کی فراہمی کے بارے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر، حکومت نے اکتوبر کے دوران قطر سے ایل این جی کے تین کارگو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ حکومت ایل این جی کے جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ کرنے کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر انرجی نے پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی پر فورس میجور کی مدت 4 نومبر تک بڑھا دی ہے، جبکہ حکام کو خدشہ ہے کہ یہ تعطل موسمِ سرما کے دوران بھی برقرار رہ سکتا ہے۔