• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی میٹرو میں سیٹ کے تنازع پر جھگڑا، 48 سالہ شخص ہلاک، سابق آئی اے ایس افسر و بیٹا گرفتار

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بزرگ شہریوں کے لیے مخصوص نشست پر جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر تھپڑ مارنے اور دھکا دینے سے 48 سالہ شخص ہلاک ہو گیا، پولیس نے سابق بھارتی آئی اے ایس افسر اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 8 اکتوبر کو سپریم کورٹ میٹرو اسٹیشن پر پیش آیا جہاں پون شرما کا سنجے پرتاب سنگھ اور اس کے بیٹے سدھارتھ سنگھ سے نشست کے معاملے پر جھگڑا ہوا، دورانِ جھگڑا پون شرما کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا گیا اور دھکا دیا گیا جس سے وہ گر پڑے اور ان کے سر پر چوٹیں آئیں۔

میٹرو کے عملے نے زخمی شخص کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے پون شرما کی والدہ درگا شرما کی شکایت پر 9 اکتوبر کو مقدمہ درج کر لیا، مقدمے میں بھارتی قانون کی دفعہ غیر ارادی قتل سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دہلی پولیس کے مطابق گرفتار سنجے پرتاب سنگھ سابق بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر ہیں جنہیں اس سے قبل مبینہ رشوت خوری کے مقدمے میں مرکزی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا جبکہ ان کا بیٹا سپریم کورٹ کا وکیل ہے۔

پولیس واقعے اور پون شرما کی موت کی وجوہات پر مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید