اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ ) پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے غلط بیانی اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کے ناجائز استعمال، بالخصوص کپڑے کی درآمدات میں بے ضابطگیوں کیخلاف حالیہ کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے غیرقانونی درآمدات کی روک تھام اور مقامی صنعت کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع نے اپنے بیان میں ای ایف ایس کے وسیع پیمانے پر غلط استعمال اور درآمدی دھاگے اور کپڑے کی کم قیمت ظاہر کرنے اور غلط تفصیلات درج کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ای ایف ایس کے تحت درآمد کیے جانے والے خام مال کو کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہے، جبکہ مقامی طور پر تیار کردہ خام مال پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔