اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ ) وزیراعظم 10 اسپاٹ ایل این جی کارگو منگوانے یا نہ منگوانے کا فیصلہ کریں گے، پیٹرولیم ڈویژن نے سردیوں میں گیس کی قلت سے بچنے کے لیے 10 کارگو منگوانے پر زور دے دیا، این سی ایم سی نے قطر سے نسبتاً سستی گیس کی فراہمی کے موجودہ معاہدوں سے فائدہ اٹھانے کی تجویز دے دی ہے،اس تجویز کے تحت پاکستان سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں سے بچاؤ کے لیے محدود تعداد میں مہنگے کارگو خریدے گا، جبکہ سفارتی ذرائع کے ذریعے قطر سے اضافی سپلائی بحال کرانے کی کوشش بھی جاری رکھے گا۔ حکومت ایرانی اور امریکی حکام کے ساتھ سفارتی رابطوں سے ایل این جی کی ترسیل میں سہولت پیدا کرنے اور فورس میژر برقرار رہنے کے باوجود فروری 2027 تک قطر سے 17 کارگو دستیاب کرانے کی کوشش کر سکتی ہے۔ اس انتظام سے 10 اسپاٹ کارگو خریدنے کے مقابلے میں فوری زرمبادلہ کا بوجھ کم ہو سکتا ہے، جبکہ معاہدے کے تحت نسبتاً سازگار نرخوں پر اضافی ایل این جی حاصل کرنے کا امکان بھی برقرار رہے گا۔تاہم، اس حکمت عملی کی کامیابی ایسے عوامل پر منحصر ہوگی جو پاکستان کے براہ راست اختیار میں نہیں، جن میں قطر انرجی کے فورس میژر کی مدت، خطے کی سکیورٹی صورت حال اور مطلوبہ کارگو کی ترسیل کے انتظامات شامل ہیں۔ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مطلوبہ مقدار میں گیس مقررہ وقت کے اندر دستیاب ہو جائے گی۔