کراچی (سید محمد عسکری) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے صوبے کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس آج جمعہ کو طلب کرلیا ہے، جس میں جامعات کو درپیش مالی، انتظامی اور امن و امان کے مسائل سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں سرکاری جامعات کو گرانٹس اور فنڈز کی فراہمی میں کمی، ملازمین کے لیو انکیشمنٹ، ہاؤس سیلنگ اور بھرتیوں سے متعلق معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔ جامعات کے امن و امان کی صورتِ حال اور دیگر درپیش مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وائس چانسلرز اجلاس میں اپنے اداروں کو درپیش مسائل اور ضروریات سے چیف سیکریٹری کو آگاہ کریں گے۔ گرانٹس اور فنڈز میں کمی کے باعث جامعات کو درپیش مشکلات کے ساتھ ملازمین کے مالی و انتظامی معاملات اور بھرتیوں سے متعلق امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔