وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی، انہوں نے اپنی حکومت خود ختم کی، پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی حکومت کو کھا گیا۔
ساہیوال میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے جو وسائل ترقی کے لیے خرچ ہونے تھے وہ دھرنوں پر لگ رہے تھے، لیکن اب وہاں ترقی ہو گی۔
مریم نوا ز کا کہنا ہے کہ جو کہتے تھے کہ عوام کو شعور دیا، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کر دیں، اب خیبر پختون خوا والوں کو پتہ چلے گا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی دیکھا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہو جائے؟ آج پنجاب اے آئی میں داخل ہو رہا ہے تو خیبر پختون خوا پتھر کے دور میں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں جس یونیورسٹی میں جاتی ہوں وہ نواز شریف نے بنائی ہوتی ہے، جس روڈ سے گزرتی ہوں، وہ نواز شریف نے بنایا ہوتا ہے، آپ نام لیں یا نہ لیں، کریڈٹ دیں یا نہ دیں، کام نواز شریف نے کرائے ہیں۔