کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ نے “کو” ڈائریکٹر کی اسامی مشتہر کردی ہے۔ اشتہار کے مطابق تقرری ابتدائی طور پر چار سال کے لیے ہوگی، جس میں تعلیمی اور انتظامی کارکردگی، اور ادارے کی ترقی کے لیے قومی و بین الاقوامی فنڈز کے حصول کی بنیاد پر توسیع کی جاسکے گی۔ زرائع کے مطابق ماضی میں کبھی کو ڈائریکٹر کا تقرر نہیں کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے تحت ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے علاؤہ ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی،تھرڈ ورلڈ سینٹر، جمیل الرحمٰن سینٹر فار جینومکس، سینٹر فار بائیو ایکویلنس اسٹڈیز اینڈ کلینیکل ریسرچ، سمیت دیگر کئی تحقیقی ادارے کام کرتے ہیں لیکن صرف ڈاکٹر پنجوانی سینٹر ہی کے لیے کو ڈائریکٹر کی اسامی مشتہر کی گئی ہے۔اشتہار کے مطابق امیدوار کے لیے مالیکیولر میڈیسن، بایومیڈیکل سائنسز یا ہیلتھ سائنسز میں ایچ ای سی سے تسلیم شدہ جامعہ یا ادارے سے پی ایچ ڈی اور متعلقہ شعبے میں پی ایچ ڈی کے بعد کم از کم 12 سال کا تدریسی یا تحقیقی تجربہ ضروری ہے۔ امیدوار کی عمر 55 سال سے کم ہونی چاہیے۔ اشتہار میں مضبوط تحقیقی اشاعتوں کے ساتھ ترجیحاً گوگل اسکالر پر 40 سے زائد ایچ انڈیکس اور 10 ہزار سے زیادہ حوالہ جات کی شرط بھی درج ہے۔ امیدوار کو پوسٹ گریجویٹ محققین کی کامیاب نگرانی، تحقیقی گرانٹس کے حصول، بین الاقوامی علمی و تحقیقی روابط اور تحقیقی گروپس یا مراکز کی قیادت کا تجربہ بھی درکار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کا کوئی بھی سائنسدان اشتہار کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا اس لیے باہر سے امیدوار کو لانے کے لیے لابنگ کی جارہی ہے۔