نیوزی لینڈ کے انجینئرنگ کے چار طالب علموں نے ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جس نے 4x4x4 ریوبک کیوب صرف 9.8 سیکنڈ میں حل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
یونیورسٹی آف کینٹربری کے میکاٹرونکس انجینئرنگ کے سال چہارم کے طالب علم کیلِب ایورٹ، ہیڈن واٹسن، میکس کیمرون اور جوہان ٹوریس نے بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھ کر یہ روبوٹ بنانے کا خیال آیا، جس میں ایک روبوٹ نے 4x4x4 ریوبک کیوب 45 سیکنڈ میں حل کیا تھا۔
طالب علموں کو معلوم ہوا کہ یہ اس وقت عالمی ریکارڈ تھا، تاہم انسانوں کا اسی کیوب کو حل کرنے کا ریکارڈ 15 سیکنڈ تھا۔
اس حوالے سے یونیورسٹی کی جانب سے جاری خبر کے مطابق کیمرون نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ روبوٹ انسانوں سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں اور ہم وہ لوگ بننا چاہتے تھے جو اس فرق کو ختم کرکے دکھائیں۔ 4x4 روبک کیوب، 3x3 کیوب سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ میرے خیال میں اس کی پیچیدگی اور کم بجٹ میں ریکارڈ توڑنے کی کوشش ہی وہ چیز تھی جس نے ہمیں اس منصوبے کی جانب راغب کیا۔
انہوں نے کہا ہم نے زیادہ طاقتور موٹرز تیار کرکے اور روبوٹ کا ڈیزائن اس انداز میں بنا کر پچھلی مشین کے وقت کو بہتر بنایا کہ اسے کیوب کے تمام رخ دیکھنے اور انہیں حرکت دینے کے لیے بار بار کیوب کا رخ تبدیل نہ کرنا پڑے۔
واٹس کے مطابق روبوٹ میں چار کیمرے ہیں۔ یہ کیوب کو دیکھتا ہے اور اس پر موجود مختلف رنگوں کی پوزیشن معلوم کرتا ہے۔ اس کے بعد یہ معلومات ایک اوپن سورس الگورتھم کو فراہم کی جاتی ہیں جو کیوب حل کرنے کے لیے درکار حرکات کا تعین کرتا ہے۔
روبوٹ نے باضابطہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کے دوران 9.806 سیکنڈ میں کیوب حل کیا۔ اب طالب علم گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جواب کے منتظر ہیں تاکہ یہ تصدیق ہوسکے کہ آیا انہوں نے باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرلیا ہے یا نہیں۔