اسرائیلی اخبار کے اداریے میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو اسرائیل کے مفاد میں اقتدار چھوڑ دیں، اسرائیل کو نئی قیادت اور قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو ناکامیوں کے باوجود اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں، لاکھوں اسرائیلیوں کو بطور ’ریزرو فوجی‘ جنگوں میں دھکیلا ہوا ہے۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ لبنان میں ریزرو فوجیوں کو مسلسل جبری ڈیوٹی پر مجبور کیا گیا ہے، نیتن یاہو کی حکومت اسرائیلی معاشرے کو تقسیم کر رہی ہے۔
اداریے میں کہا گیا ہے کہ قدامت پسند یہودیوں کو فوج میں بھرتی سے استثنیٰ مل رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی رکنِ کانگریس جیمی راسکن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی کسانوں کی زیتون کی فصل کی کٹائی میں مدد کرنے والے درجنوں امریکی شہریوں کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں جیمی راسکن نے کہا ہے کہ زیرِ حراست افراد میں ڈیموکریٹک جماعت کے امیدوار بریڈ لینڈر، متان برنر کاڈش اور کم از کم 31 دیگر امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی زیتون کی فصل کی کٹائی میں مدد کرنے والے رضاکاروں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔