ریاض (شاہد نعیم، اے ایف پی)سعودی محکمہ شہری د فاع نے ہفتے کے روز بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے اسلام کے دو مقدس ترین شہروں مکہ اور مدینہ کی طرف داغے گئے میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا ہے، محکمہ شہری دفاع کے مطابق انہوں نے میزائل فضا ہی میں تباہ کئے جانے کے بعداس کے گرنے والے ملبے اور ٹکڑوں سے نمٹنے کے لئے کارروائی کی ،بیان میں مزید بتایا گیا کہ کچھ ٹکڑے مکہ کے باہر وادی مغامس میں بھی گرے ہیں،حوثیوں نے مکہ اور مدینہ کی طرف میزائل حملوں کی تردید کی ہے ، سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے بتایا ہے کہ انہوں نے ریاض، طائف اور ینبع پر حوثیوں کے داغے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا ہے ،حوثیوں نےدعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ سمیت تین ہوائی اڈے، دو تیل کی تنصیبات، ایک پائپ لائن اور ایک نیول ایئربیس شامل ہیں،دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی بمباری کے نتیجے میں 11افراد ہلاک ہوگئے ہیں، امریکا نے مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک بشمول عراق، لبنان اور اسرائیل، نیز اردن اور دیگر کے لیے اپنی سفری مشاورت کی تجدید کی ہے، ترکیہ نے حوثیوں کے شہریوں پر حملوں کو ناقابلِ قبول قرار ددے دیا،ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ تنازع کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے پہلے ہی ریاض، طائف، ینبع ، مکہ اور جدہ کیلئے ’’ممکنہ خطرے‘‘ کی وارننگ جاری کی ،رہائشیوں کو ’’قریب ترین محفوظ مقام پر منتقل ہو جانے‘‘ کی ہدایت کی تاہم چند منٹ بعد ہی تمام انتباہات واپس لے لئے گئے،نجران اور وادی الدواسر کی جنوبی گورنری میں بھی ممکنہ فضائی خطرات کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ انہوں نے حوثیوں کی جانب سے طائف اور ینبع کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیا ہے۔ہفتے کوعلی الصبح چار بجے سے کچھ دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے اپنے ’ارلی وارننگ پلیٹ فارم‘ کے ذریعے الرٹ جاری کرتے ہوئے ریاض، نجران اور وادی الدواسر کی جنوبی گورنری میں ممکنہ فضائی خطرات کے بارے میں خبردار کیا۔ الرٹ جاری ہونے کے چند منٹ بعد ہی دارالحکومت میں دو شدید دھماکوں کی آوازیں گونج اٹھیں۔