• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپولزم کو بالعموم عوامیت پسندی کہا جاتا ہے مگر میری دانست میں اس کیلئے مقبولیت پسندی زیادہ موزوں الفاظ ہیں۔ پاپولزم کی لہر نے دنیا بھر میں جو ہیجان برپا کررکھا ہے، اسے ایک رجحان کے بجائے وبا قرار دینا بہتر محسوس ہوتا ہے۔ پاپولزم کیا ہے ؟ماہرین سیاسیات کی لچھے دار تعریف سے قطع نظر سادہ الفاظ میں اسکا مفہوم یہ ہے کہ صحیح اور غلط کے جھنجھٹ میں پڑے بغیر وہ موقف اور بیانیہ لیکر چلنا جسے عوام پسند کرتے ہیں۔ لوگوں کی بے چینی، اضطراب اور محرومیوں کی آڑ میں اپنی سیاست چمکانا۔ شیکسپیئر کا ڈرامہ ’’جولیس سیزر‘‘سیاسی پروپیگنڈے اورپاپولزم کی بہترین مثال ہے ۔رومی اشرافیہ کا ایک گروہ، جس میں کاسیئس اور بروٹس شامل ہیں ،اس کا خیال ہے کہ سیزر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اسے ڈکٹیٹر بنا سکتی ہے لہٰذا ہمیں اس کا راستہ روکنا ہوگا۔ یہاں شیکسپیئر ایک بنیادی سوال اُٹھاتا ہے کہ کیا کسی ممکنہ ڈکٹیٹر کا راستہ روکنے کیلئے اسے قتل کرنیکا راستہ اختیار کرنا بذات خود جمہوریت کی نفی اور سیاسی اصولوں کو پامال کرنے کے مترادف نہیں ؟یوراگوئے کے صحافی Eduardo Galeno کے بقول، جمہوریت کے خلاف زیادہ تر جنگیں یا فوجی بغاوتیں جمہوریت کے لبادے میں ہی لڑی جاتی ہیں۔سیزر کو قتل کرنیوالوں نے بھی یہی طریقہ اختیار کیا۔اگرچہ پاپولسٹ رہنما بائیں اور دائیں، دونوں طرح کے سیاسی نظریات کی کوکھ سے جنم لے سکتے ہیں، تاہم انکے طرزِخطابت، سیاسی مزاج اور رویّوں میں کچھ نمایاں مشترک خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ پاپولسٹ رہنما نرگسیت کے مارے ہوتے ہیں ۔اپنی ذات کی اساطیر میں قید، خودپسندی کے لاعلاج مرض میں مبتلا۔ بلامبالغہ انہیں ذہنی معذور اور سماج دشمن کہا جاسکتا ہے۔ مگر یہ لومٹری کی طرح چالاک ہوتے ہیں۔اپنے مقاصد اور ایجنڈے کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔یہ لوگوں کے احساس محرومی کو سیاسی ہتھکنڈے اور ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔یہ خوابوں کی سوداگری کرتے ہیں، ایسے غیر حقیقت پسندانہ وعدے کرلیتے ہیں جو پورے نہیں کئے جا سکتے۔ شاید اسی تناظر میںروسی مدبرنکیتا خورشیو، (جنہوں نے سرد جنگ کے دوران اپنے ملک کی قیادت کی) نے کہا تھا کہ دنیا بھر کے سیاستدان ایک جیسے ہوتے ہیں، یہ وہاں بھی پُل بنانے کا وعدہ کر لیتے ہیں جہاں دریا ہی نہیں ہوتا۔ پیچیدہ ترین معاشرتی، سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کیلئے نہایت سادہ اور آسان راستے تجویز کرتے ہیں اور اس ضمن میں دانشوروں اور ماہرین کی آرا اور تکنیکی اعدادوشمار کو اشرافیہ کا متعصبانہ مؤقف قرار دیکر مسترد کر دیتے ہیں۔ پاپولسٹ حکمران سمجھتے ہیں جرائم کو سخت سزاؤں کے اطلاق سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔ولیم اے گیلسٹن کے مطابق پاپولسٹ حکمران ٹرائبل اِزم پر یقین رکھتے ہیں ۔جب انہیں یہ بتانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ کانٹوں کی فصل کاشت کرکے پھول اُگانے کی کوشش کرنا حقیقت پسندی نہیں تو وہ کتابی باتیں قرار دیتے ہوئے ایسی نصیحت کو اٹھا کر کوڑا دان میں پھینک دیتے ہیں۔ریاست قانون کے تابع ہوتی ہے مگر پاپولسٹ حکمرانوں کا استدلال ہوتا ہے کہ عوام کی امنگوں ،خواہشات اور مرضی پر کسی قسم کی قدغن نہیں ہونی چاہئے ۔وہ لوگوں کواچھائی اور برائی کا فرق نہیں بتاتے بلکہ ایک ماہر نبض شناس کی طرح ان کے جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتے ہیں۔امریکی سینیٹر کلاؤڈ پیپر کی طرح ان کا یہ استدلال ہوتا ہے کہ جمہوریت میں غلط ہونا بھی آپ کا استحقاق ہے۔پاپولسٹ حکمران خو د جس نظام کے پروردہ ہوتے ہیں ،اسی پر تنقید کرکے ہتھیلی پر سرسوں جماتے ہیں ۔وہ تاثر دیتے ہیں کہ یہ فرسودہ نظام تباہ و برباد ہوچکا ہے ،اشرافیہ نے ان سے حق حکمرانی چھین لیا ہے ،عدل و انصاف کا مروجہ نظام ان کے حقوق کا تحفظ کرنے اور ملزموں کو سزائیں دینے سے قاصر ہے ،اب روایتی انداز میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوسکتا ،انگلی ٹیڑھی کرنا پڑے گی ،قانون میں الجھ کر وقت ضائع کرنے کے بجائے غیر معمولی نوعیت کے فیصلے کرنا ہونگے ۔وہ آئینی موشگافیوں ،قانونی بندشوں یا جمہوری روایات کے پابند نہیں ہوتے ۔پاپولسٹ ڈیماگاگ ہوتے ہیں یعنی جن کے ہاں عقل وشعور اور سیاسی فہم و فراست تو محدود ہوتا ہے مگر وہ مقبول بیانئے اور چرب زبانی کے ذریعے اہم عہدوں تک جا پہنچتے ہیں ۔پاپولسٹ خود کوایک ایسے سخت مزاج ،بے لچک اور بے رحم شخص کے طور پرمتعارف کرواتے ہیں جو اپنوں کو بھی کسی قسم کی رعایت نہیں دیتا اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی لیکر چلتا ہے۔مثال کے طور پر فلپائن کے پاپولسٹ حکمران Rodrigo Duterteنے جرائم پر قابو پانے کیلئے ماورائے عدالت ہلاکتوں کا فارمولہ متعارف کروایا۔ لوگ پاپولسٹ حکمرانوں کے سطحی نوعیت کے نمائشی اقدامات پر تعریف و توصیف کے ڈونگرے برساتے ہیں کیونکہ وہ نظام کے ستائے ہوتے ہیں۔اداروں پر انکا اعتماد متزلزل ہوچکا ہوتا ہے ۔جب معمول کے ضابطوں ،اصولوں اور قوانین کو روند کرانہیں انصاف مہیا کیا جاتا ہے تو وہ پاپولسٹ حکمرانوں کو اپنا خیر خواہ اور مسیحا سمجھنے لگتے ہیں ۔لیکن پاپولزم کی یہ لہر مرحلہ وار تشدد کے بھنور سے لاقانونیت ،افراتفری اور انتشار کے ایسے بدترین سونامی میں تبدیل ہوجاتی ہے جو سب کچھ خس و خاشاک کی طرح بہا لے جاتا ہے ۔انتقام کو انصاف سمجھ لیا جاتا ہے ۔ہجوم کی شکل میں عدالتیں لگائی جاتی ہیں اور موقع پر ہی فیصلے صادر ہوتے ہیں ۔یہ پاپولسٹ حکمران سمجھتے ہیں کہ انکی لگائی ہوئی آگ محض عوام کے گھروں کو جلائے گی مگر ایک دن وہ خود بھی اس میں خاکستر ہوجاتے ہیں۔ انکا متعارف کروایا گیا جبر ہی انکے سامنے آجاتا ہے ۔شاید آپ کو قصاب کی دکان پر لٹکے بکرے کی طرح میلان کے لوریٹوچوک میں ٹخنوں سے رسی باندھ کر اُلٹی لٹکائی گئی لاش یاد ہو۔ ہٹلر کی بنکر میں خودکشی،لیبیا کے معمرقذافی کا انجام کیسے بھلایا جاسکتا ہے؟ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی یا پھر شیکسپیئر کے کھیل جولیس سیزرمارک انتھونی کی موت ،جو مصری محبوبہ قلوپطرہ کی ساتھ کئے ہوئے عہد کے مطابق زہریلے سانپ کے ڈسنے سے مرگیا۔ عبرت کے نشان جابجا بکھرے ہوئے ہیں مگر نجانے کیوں کوئی سبق نہیں سیکھتا۔ بہر حال اس کالم میں پاپولسٹ حکمرانوں کی جو نشانیاں اور علامات بیان کی گئی ہیں ،ان سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کون پاپولزم کی لہر پر سوار ہے۔

تازہ ترین