اسلام آباد (عاصم جاوید) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کے کانسٹی ٹیوشن روم میں دونوں ایوانوں کی اپوزیشن قیادت کیساتھ بیٹھ کر ملک کو دائروں کے اس سفر سے نکالنے کیلئے سنجیدہ مکالمے کا آغاز کرینگے، وفاقی وزیر عطاء تارڑ کو اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل کی ابجد کا بھی پتہ نہیں، اپوزیشن اتحاد اب بھی مذاکراتی عمل میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر عطاء تارڑ کی جیو ٹی وی چینل کے پروگرام "جرگہ" میں کی گئی گفتگو پر اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین نے رد عمل میں کہا کہ وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، طارق فضل چوہدری اور اعظم نذیر تارڑ کی اپوزیشن قیادت سے جو ملاقات ہوئی تھی اس میں اتفاق کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کے کانسٹی ٹیوشن روم میں دونوں ایوانوں کی اپوزیشن قیادت کے ساتھ بیٹھیں گے اور ملک کو دائروں کے اس سفر سے نکالنے کے لئے سنجیدہ مکالمے کا آغاز کریں گے۔