کراچی (اختر علی اختر) انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، 150ممالک کے فنکاروں نے کراچی کا رخ کر لیا ہے۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے چرچے شہر بھر میں ہونے لگے ہیں، جبکہ شائقین اس منفرد ثقافتی میلے کے آغاز کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔گزشتہ روز چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر نے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لیا اور تیاریوں کا معائنہ کیا۔صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ 29 اکتوبر سے ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیو اس عالمی ثقافتی میلے کا میڈیا پارٹنر ہے۔ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ایک جانب موسیقی کا جادو سر چڑھ کر بولے گا، تو دوسری جانب زندگی کے مختلف رنگوں اور انسانی جذبات کی بھرپور عکاسی کرنے والے تھیٹر پیش کیے جائیں گے۔ کہیں صوفی موسیقی کی محفل سجے گی، تو کہیں فلم فیسٹیول میں ایوارڈ یافتہ فلموں کی نمائش شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔