• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل سے بھوک ختم کرنیوالا فلسطین کی خود مختاری کا حامی لولا برازیل کا چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہو گیا ۔میں لکھنا چاہ رہا تھا پاکستان میں سرکاری یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل پر ۔ جنگ کےبیرون ملک قارئین کا سوال بھی یہ تھا کہ کراچی یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کے فوری اقدامات کیا ہیں۔ بہت اہم قدم اٹھایا ہے کہ یونیورسٹی میں جتنے ملازمین گھٹکا کے دلدادہ ،اپنی صحت کے دشمن بنے ہوےتھے اور جامعہ کے در و دیوار پر نقش کاری کرتے تھے ان کو اس عادت سے نجات حاصل کرنے پر آمادہ کیا۔ کراچی یونیورسٹی سے ملحقہ کراچی ڈینٹل ہسپتال سے ان کے منہ کی صفائی اور مستقل علاج شروع کر دیا گیاہے۔ غریب طالب علموں کیلئے ایک بڑا فنڈ قائم کیا ہے جس سے انکو وظائف بھی ملیں گے ۔لکھنے بیٹھا تو برازیل میں ایک ان پڑھ کسان کے بیٹے لوئیز لولا ڈی سلوا کی چوتھی بار صدارتی کامیابی کی خبر آگئی ۔جنوبی امریکہ کے ممالک ان دنوں ٹرمپ کی برہمی کا شکار ہیں۔ ٹرمپ چاہتے تھے کہ لولا یہ الیکشن نہ جیت سکیں فلائیو بول سنارو اٹھتے بیٹھتےٹرمپ کا دم بھرتے ہیں۔برازیل قرضوں میں دبا ہوا امریکن ایمپائر کی براہ راست معاشی پابندیوں کا مدتوں سے ہدف ہے۔ لولا 81سال کی عمر میں صرف برازیل نہیں گلوبل ساؤتھ میں ملکی خود مختاری کی علامت ہیں۔ بچپن جوانی میں غربت کے تھپیڑے سہے ہیں۔ اسلئے بھوک کو انسان کا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں۔ انکی یہی بات برازیل کے غریبوں کو بھا گئی ہے۔ انکی ایک انگلی فیکٹری میں کٹ گئی تھی اس لیے وہ" نو انگلیوں والا" مشہور ہیں۔ مقامی زبان میں ان کو عقیدت مند فیکنس کہتے ہیں ایسی چنگاری جو راکھ سے بار بار اٹھتی ہے اور شعلہ بن جاتی ہے۔ 2002ءسے پہلے انہوں نے کئی الیکشن ہارے پھر 2003ءسے 2010ءتک انہیں دو بار مسلسل صدر رہنے کا موقع ملا۔ اس سے پہلے 1964ءسے 1985ءتک برازیل میں فوجی آمریت کے خلاف جدوجہدمیں بھی حصہ لیا۔

پاکستان میں بھی ہر پاکستانی کی نوجوانی میں ایک بار مارشل لا ضرور لگتا ہے۔ ہم جیسے عمر درازوں کو ایک سے زیادہ مارشل لاوں اور اکثر درپردہ آمریت سے نمٹنا ہوتا ہے۔ برازیل اور پاکستان بہت مماثلت رکھتے ہیں ۔تیسری دنیا کیلئےایک مزدور انقلابی لیڈر کی برکس کے رکن ملک برازیل کی صدارت پر چوتھی کامیابی کی خبر ہمارے پاکستانیوں کیلئےبہت امید افزا ہو سکتی تھی۔ مگر ہمارا میڈیا اپنے ملک کی اتنی خبریں رکھتا ہے کہ غیر ملکی خبروں کی فرصت نہیں ملتی۔ 2002میں لولا کیلئے غریب نوجوان یہ نعرے لگاتے تھے...بالآخر ایک ہم میں سے...یعنی روایتی اشرافیہ اور روایتی سیاست دانوں میں سے نہیں عام لوگوں میں سےایک۔ جس نے جوتے پالش کیے ۔مونگ پھلی بیچی۔ کارخانوں میں کام کیا۔

لولا نے برازیل کو حقیقی آزادی کا تصور دیا ہے۔ ان کا یہ کہنا نوجوانوں کو بہت اپنا سا لگتا ہے

Brazil is not anyone's back yard

برازیل کسی کا پچھواڑہ نہیں ہے۔

اپنی تیسری معیاد 2023ءسے تا حال وہ تین کروڑ برازیلیوں کو غربت کی لکیر سے نکال کر اوپر لائے ہیں۔ اب بھی ان کے ہم وطنوں کو امید ہے کہ وہ ان کیلئے سماجی تحفظ فراہم کریں گے۔ پہلے بھی انہوں نے بے روزگاری کم کی ہے۔ جمہوریت یعنی ووٹ کے ذریعے آزادانہ اور منصفانہ الیکشن سے حکومت میں آئے ہیں۔ برازیل کے سرمایہ کار ان کے مخالف فلایو کو لانا چاہتے تھے ۔انتخابات کا پہلا راؤنڈ فلایو جیت بھی چکے تھے۔ لیکن لولا کے حامیوں نے دوسرے راؤنڈ میں انہیں کئی لاکھ ووٹوں سے شکست دی ۔اقوام متحدہ نے جائزہ لے کر یہ کہا تھا کہ لولا نے برازیل سے بھوک ختم کی ہے۔ لولا کو یہ امتیاز بھی حاصل ہے کہ 2017ءمیں جب انہیں کرپشن کے جرم میں 12 سال قید سنائی گئی۔ 580دن جیل میں رہے ۔سپریم کورٹ نے ان کا مقدمہ سن کر یہ فیصلہ دیا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہےچنانچہ انہیں باعزت بری کر دیا تھا۔ غنیمت ہے کہ برازیل میں عدالتیں اب تک آزاد رہی ہیں۔ چوتھی بار انہیں عوام نے منتخب اس لیے کیا ہے کہ اس وقت برازیل کو جو معاشی چیلنج درپیش ہیں۔ ان سے انہیں یہ 81 سالہ تجربہ کار لولا ہی نکال سکتے ہیں۔ برا زیل اگرچہ 2.6 ٹریلین ڈالر کی معیشت والا ملک ہے ۔لولا امریکی لابی میں نہیں جانا چاہتے وہ برکس میں ہی رہیں گے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگی بھی برازیل کا سنگین مسئلہ ہے۔ سود کی شرح اب 14.25 تک پہنچ چکی ہے ۔

پاکستان سے مماثلت یہ بھی ہےکہ برازیل 21 کروڑ کی آبادی والا ملک ہے ۔فرق یہ ہے کہ شرح پیدائش قابو میں ہے۔ اس لیے غربت کے خاتمے میں آسانی رہتی ہے۔2023 میں 71 ملین برازیلی غربت کی لکیر سے نیچے تھے ۔لولا کی کوششوں سے اب یہ 53 ملین رہ گئے ہیں۔ ملک میں کارخانے ہیں ۔مزید لگ رہے ہیں۔ مینوفیکچرنگ بھی ہو رہی ہے ۔ بے روزگاری ختم کرنے کو بھی اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ وہ فخر کرتے ہیں کہ اگرچہ کسی یونیورسٹی سے انہوں نے ڈپلومہ ڈگری نہیں لی ہے ۔انہیں غربت، مشکلات اور طویل جدوجہد،جیل کے دنوں نے بہت تربیت دی ہے۔ وہ پورے اعتماد سے کہتے ہیں کہ میں نے کہیں سے ڈپلومہ نہیں لیا میں زندگی کی یونیورسٹی سے پڑھا ہوں۔ زندگی یقیناً بہت بڑی درسگاہ ہے کیونکہ اس کا نصاب حقیقی ہوتا ہے اور عمر کے ما ہ و سال سب سے بڑے استادہیں ۔زندگی سختی بھی کرتی ہے اور شفقت بھی۔

لو لا کے حامی بآوازبلند کہتے ہیں کہ لولا نے اگرچہ کسی یونیورسٹی سے ڈگری نہیں لی لیکن اپنے تینوں ادوار میں سب سے زیادہ سرکاری یونیورسٹیاں قائم کی ہیں ۔ خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں پسماندگی زیادہ تھی۔ دور دراز شہروں میں جہاں اکثر اساتذہ جانا پسند بھی نہیں کرتے ۔پہلے صرف 114 شہروں میں کیمپس تھے اب یہ 237شہروں تک پھیل چکے ہیں۔ اس نئے دور میں بھی جو جنوری 2027 ءسے شروع ہوگا وہ مزید کیمپس قائم کرنا چاہتے ہیں۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں کوئی فیس نہیں ہے ۔ایک دو مراحل میں کچھ پیسے دینا پڑتے ہیں۔ ہاسٹلوں میں بھی غریب طلبہ کو وظائف ملتے ہیں۔ البتہ یونیورسٹیوں کا علمی معیار کچھ انحطاط کا شکار ہے ۔

برازیل ادب، فنونِ لطیفہ، ثقافتی اقدار اور کھیلوں میں بھی مثالی حیثیت رکھتا ہے ۔میں خود شاعر ہوں اسلئے یہ جاننے کی کوشش کرتا ہوں کہ مقبول ترین شاعر کون ہے۔ 74 سالہ شاعرہ برونا لومبارڈی کے 37 لاکھ مداح ہیں وہ کہتی ہیں کہ میں عمر نہیں گنتی۔ لمحے شمار کرتی ہوں۔ ایک اور نظم کی سطریں ملاحظہ ہوں....میں تمہارے لیے زمین و آسمان میں سرگرم رہوں گی۔ پہاڑ ہلا دوں گی۔ستاروں کو دوبارہ ترتیب دوں گی تاکہ ہمارے مقدر آپس میں مل جائیں ۔

آرزو تو ہم سب کی یہی ہوتی ہے کہ واہگہ سے گوادر تک سب کے مقدر ایک ہو جائیں۔ لیکن اس کیلئے کوئی ایک ہم میں سے ہی ہونا چاہئے۔

تازہ ترین