اسلام آباد (عاصم جاوید) اپوزیشن اتحاد نے حکومتی وزراء کی امیرجمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن کی کردار کشی کی شدید مذمت کی ہے ،بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، حسین احمد یوسفزئی نے مولانا سے ملاقات کی اور قومی اسمبلی میں انکی تقریر کی بھرپور تائید کی ۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی پر مشتمل وفد نے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، وفد نے مولانا فضل الرحمن کی قومی اسمبلی میں تقریر کی بھرپور تائید کرتے ہوئے حکومتی وزراء کی جانب سے امیر جمعیت علمائے اسلام کی کردار کشی کی شدید مذمت کی، وفد نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی حملوں اور کردار کشی میں تبدیل کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے، سیاسی قیادت کے احترام کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہئے۔