پاکستان کی تاریخ صرف ایک ملک کے قیام کی داستان نہیں بلکہ ان عظیم شخصیات کی جدوجہد، قربانی، اخلاص اور قومی خدمت کی تاریخ بھی ہے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ پیر الٰہی بخش کا شمار بھی انہی عظیم سیاسی و قومی شخصیات میں ہوتا ہے۔
پیر الٰہی بخش 9 جولائی 1895ء کو پیدا ہوئے۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے علی گڑھ کا رخ کیا،بعد ازاں مولانا محمد علی جوہر کی تحریکِ خلافت سے متاثر ہو کر جدوجہدِ آزادی میں سرگرم کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی میں تعلیم، سیاست اور قومی خدمت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔
قائدِاعظم محمد علی جناح کے رفقائے کار میں تھے۔ قیامِ پاکستان سے قبل بھی انہوں نے سندھ کی سیاسی اور تعلیمی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد 1948ء میں سندھ کے وزیراعلیٰ بنے۔
ان کی شخصیت کا سب سے قابلِ ذکر پہلو تعلیم سے ان کی گہری وابستگی تھی۔ انہوں نے سندھ میں بنیادی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے۔ 1941ء میں ان کی سربراہی میں لازمی ابتدائی تعلیم کے لیے بل پیش کیا گیا، سندھ میں مفت اور لازمی ابتدائی تعلیم کے نظام کو آگے بڑھانے میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔
اسی طرح سندھ یونیورسٹی کے قیام کی کوششوں میں بھی پیش پیش تھے۔ 1945ء کے یونیورسٹی بل کی منظوری میں کردار ادا کیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر اے۔ بی۔ اے۔ حلیم کو سندھ یونیورسٹی کا پہلا وائس چانسلر بننے پر آمادہ کیا۔ وہ تعلیم کو قوم کی ترقی کی بنیاد سمجھتے تھے۔ ان کی سوچ یہ تھی کہ اگر نوجوان تعلیم یافتہ ہوں گے تو قوم اپنے مستقبل کو مضبوط بنا سکے گی۔
آج یہ سوال ہمیں خود سے بھی کرنا چاہیے کہ ہم نے ان کے نظریات سے کیا سیکھا؟ کیا ہماری سیاست میں قومی خدمت کا جذبہ باقی ہے۔ کیا ہماری تعلیمی ترجیحات وہی ہیں جن کے لیے ہمارے بزرگ رہنماؤں نے جدوجہد کی اور کیا آج کا نوجوان اپنے مستقبل اور ملک کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے؟
قائدِاعظم اور ان کے رفقائے کار نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں قانون کی حکمرانی، تعلیم، نظم و ضبط، اتحاد اور قومی خدمت کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ پیر الٰہی بخش کی زندگی بھی اسی جدوجہد کی ایک کڑی تھی۔
آج پاکستان کے نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے تاریخ سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ ہمارے بزرگوں نے محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھے اور ان خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کی جدوجہد کی۔ اب ذمہ داری نوجوانوں کی ہے کہ وہ تعلیم حاصل کریں، اپنے کردار کو مضبوط بنائیں، اپنی صلاحیتوں کو ملک کے لیے استعمال کریں اور پاکستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
پیر الٰہی بخش کی تعلیمی جدوجہد ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ قومیں صرف سیاست دانوں سے نہیں بنتیں، تعلیم، کردار، قربانی، دیانت اور مسلسل جدوجہد سے بنتی ہیں۔
ان کی اصل یادگار صرف عمارتیں یا کتابیں نہیں بلکہ ایک تعلیم یافتہ، باکردار اور مضبوط پاکستان ہے۔