• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجمن ترقی اردو پاکستان کی قومی زبان پر دو روزہ کانفرنس میں اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے ۔دوسرے شہروں سے بھی اردو کے معززاساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔ موضوعات ملاحظہ ہوں۔ اردو زبان عہد حاضر میں مسائل امکانات اور مستقبل۔ نئی نسل اور اردو ڈیجیٹل عہد اور زبان کے حوالے سے۔ اردو بطور زبان تعلیم و تحقیق عالمی تناظر میں۔ اردو میڈیا روایات سے امکانات تک۔ فروغ اردو میں علمی اور ثقافتی اداروں کا کردار۔ موضوعات بھی آج کے حالات سے مطابقت رکھتے ہیں اور ان پر اظہار خیال کرنے والے بھی جہاں دیدہ تجربہ کار اور اپنے اپنے شعبے کی ممتاز شخصیات۔ ہمیں بھی پہلے سیشن میں دعوت دی گئی۔ میں نے تو صرف یہ عرض کیا کہ اردو کو سب سے زیادہ نقصان اہل زبان نے ہی پہنچایا ہے۔ اردو میں تو اتنی طاقت ہے کہ وہ تمام ابتلاؤں کے باوجود فروغ پا رہی ہے مگر ہم اردو والوں نے اسے صرف شعر و ادب تک محدود کر دیا ہے۔ حالانکہ زبان کا دائرہ بہت وسیع ہوتا ہے۔ یونیورسٹیوں کے اردو کے شعبے صرف اردو ادب کے شعبے ہیں اردو زبان کے نہیں۔ ایک زبان تو علوم کی ماں ہوتی ہے ۔اردو میں جدید علوم نباتات حیاتیات جمادات طبیعیات کیمیا سب پڑھائے جا سکتے ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد یہ تجربہ بہت پہلے کر چکی ہے ۔اردو کو معیشت سے جوڑنا ہوگا تب یہ مزید ترقی کر سکے گی۔ اسے بازار حسن و عشق سے نکال کر بازار حصص تک لانا ہوگا۔

یونیورسٹیوں سے گلہ شکوہ اس کانفرنس میں بھی ہوتا رہا۔ اردو بہت مظلوم ہے۔ مگر کتنے میڈیا ہاؤسوں کی آمدنی کا سرچشمہ ہے۔ اربوں روپے کما رہے ہیں۔ انگریزی چینل نہیں چل سکے لیکن ان میڈیا ہاؤسوں نے اردو کی تشکیل اور ترقی پر کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ۔

پاکستان کی یونیورسٹیوں کے بارے میں ملک بھر کے احباب سے میں نے رہنمائی حاصل کی۔ یونیورسٹیوں کے لیے سندھ کے صوبائی وزیر اسماعیل راہو صاحب سے بھی بات ہوئی۔ وہ پاکستان کے ایک بے باک سیاسی رہنما فاضل راہو کے صاحبزادے ہیں ۔جو اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے عملی جدوجہد کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔ اسماعیل راہو کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر وسیم قاضی سے بہت پر امید ہیں۔ دوسری یونیورسٹیوں کے انتظامی امور پر بھی حکومت سندھ سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ میں وہ تفصیلات بھی کسی وقت گوش گزار کروں گا۔ ایک ماہر تعلیم نے کہا کہ ملک میں اس وقت 271سے زیادہ یونیورسٹیاں ہیں جن میں 163 سرکاری اور 115 پرائیویٹ ہیں ۔زیادہ تر پرائیویٹ یونیورسٹیاں بھاری فیسیں لے رہی ہیں ۔سرکاری یونیورسٹیوں میں انفراسٹرکچر بہت کمزور ہے ۔اساتذہ کی بھرتی بروقت نہیں ہوتی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کی چھوٹی چیزوں میں دلچسپی لیتا ہے۔ بڑی خامیاں نظر انداز کر دیتا ہے وائس چانسلر زیادہ تر سیاسی بنیادوں پر مقرر کیے جاتے ہیں اس لیے وہ خود بھی آگے ملازمتیں سیاسی بنیادوں پر دیتے ہیں۔

ملک کے دور دراز علاقے سے ایک پروفیسر کا کہنا ہے۔ سرکاری یونیورسٹیاں صرف ڈگری ایوارڈنگ مشینیں بن گئی ہیں ۔انتظامیہ کو طلباء و طالبات کی اضطرابی سوچ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔اس لیے طلبہ کی اکثریت ہم نصابی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں لیتی ۔مباحثے کم ہو گئے ہیں میوزیکل نائٹس زیادہ برپا ہو رہی ہیں۔ زمانہ بدل رہا ہے مگر اساتذہ پرانے ڈھب سے پڑھانے پر مصر ہیں۔ اس لیے طلبہ و طالبات میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ پنجاب کے ایک کالج کے پروفیسر نے یونیورسٹیوں کا بڑا مسئلہ مالی وسائل اور اساتذہ کی کمی بتائے اور یہ کہ صنعت اور جامعات کے درمیان رابطہ کمزور ہے۔ ایک اہم نکتہ یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹیوں کے نصاب اور مارکیٹ میں مطابقت نہیں ہے۔ روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں ۔پنجاب سے اور کرم فرماؤں نے بھی فنڈز کی کمی کا گلہ کیا ہےجس سے اساتذہ کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ ماحول بہت جابرانہ ہے ۔سوال اور اختلاف کی گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے ۔ایک اہم کوتاہی کا احساس دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور مقامی معاشرے میں فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ حالانکہ کیمپس اور سٹی میں تعلق بہت گہرا ہونا چاہیے ۔

ایک ماہر تعلیم نے یونیورسٹی کی ابتری کا سبب اساتذہ کی لاپروائی اور غیر تدریسی عملے میں رشوت کا بڑھتا ہوا رجحان بتایا۔ سیاسی جماعتوں کی دخل اندازی نے درسگاہوں میں دھونس غنڈہ گردی کو فروغ دیا ہے۔ ایسے طلبہ اساتذہ کی توہین کے مرتکب بھی ہوتے ہیں ۔تعلیمی ماحول آزادانہ نہیں ہے ۔سرکاری مداخلت ہر سطح پر بڑھتی جا رہی ہے جس سے نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ کی تخلیقی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ فکری آزادی باقی نہیں رہتی۔ وہ جو کچھ کتابوں میں پڑھتے ہیں اس پر عمل درآمد تو کیا تبادلہ خیال بھی نہیں کر سکتے ۔ایک کالج کے پروفیسر نےکہا کہ ذہانت بصیرت اور تدبر کا قتل ہو رہا ہے۔ طلبہ و طالبات سے آپ فرداََ فرداََ ملیں تو پتہ چلے کہ کافکا کو پڑھ چکے ہیں برگسان سقراط کے بھی شیدائی ہیں۔ مگر وہ ان کے یا ان کے بعد کے فلسفیوں اور ریفارمرز کے نظریات پر آپس میں بات نہیں کر سکتے۔ اقبال نے تو مدرسوں کے بارے میں کہا تھا

گلا تو گھونٹ دیا اہل مدرسہ نے ترا

کہاں سے آئے صدا لا الہ الا اللہ

یہاں بڑی بڑی جامعات میں طلبہ و طالبات کا گلا گھونٹا جا رہا ہے ۔تحقیقی مقالات کے موضوع سے معاشرے کی ترقی یا سماجی اصلاحات کا کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔اردو انگریزی یا پاکستانی زبانوں میں مقالات کا انداز تحریر بہت کمزور اور گرائمر کی بے شمار غلطیاں ہوتی ہیں۔ ایک معزز استاد نے تحقیق کا دوسرا رخ بتایا کہ جہاں کسی یونیورسٹی میں تحقیق کا معیار بلند ہے اور ملک کے مستقبل کے بارے میں زراعت معیشت پر تحقیق کی جاتی ہے تو اس امر کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی۔ موسمیات کی تبدیلی۔ بڑھتی آبادی سنگین مسائل ہیں ان پر تحقیق کی بھی قدر نہیں کی جاتی۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں اب بھی چاک اور سیاہ بورڈ چل رہے ہیں۔ ملٹی میڈیا استعمال نہیں کیا جا رہا ۔ایک سمندر پار پاکستانی نے یونیورسٹیوں کی تدریس میں یہ جائزہ لینے کا مشورہ دیا کہ دیکھنا چاہیے کہ یونیورسٹیاں ملک کو کتنی کامیاب اور قابل افرادی قوت دے رہی ہیں۔ ملک میں ایک افرا تفری ہے۔ تعصبات ہیں ۔معاشی بدحالی ہے ایسے میں درسگاہوں کی ذمہ داری یہ ہوتی ہے کہ وہ ایسے طالب علم تربیت کر کے معاشرے میں بھیجیں جو سماج کو مستحکم کر سکیں۔ اساتذہ اور طلباء میں رابطہ کم ہوتا جا رہا ہے ۔اسلئے دونوں ایک دوسرے کو پوری طرح نہیں سمجھ پاتے۔

یہ تو تھے ماہرین تعلیم اور اساتذہ کرام کے تذکرے تبصرے اور تجاویز ۔جن سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یونیورسٹیاں اپنا مطلوبہ کردار ادا نہیں کر رہی ہیں اس کے اسباب کیا ہیں ان اسباب کو دور کون کرے گا ترقی یافتہ مہذب ملکوں میں تدریس اور تربیت کے نتیجے میں ہی جمہوری تحریکیں چلتی رہی ہیں۔ نظریاتی سوچیں ابھریں۔ نہ صرف یونیورسٹیوں نے اپنے ملکوں کو مہذب بنانے میں کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے ایسی سیاسی قیادت بھی پیش کی جنہوں نے اپنے اپنے لوگوں کی زندگیاں بدل دیں۔

تازہ ترین