امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ہالووین کا تہوار منفرد انداز میں مناتے ہوئے خود کو معروف فلم سیریز ’ہیری پوٹر‘ کے کردار البس ڈمبلڈور کے روپ میں ڈھال لیا جبکہ اپنے شیرخوار بیٹے کو گھر کے بونے ڈوبی کا لباس پہنایا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جے ڈی وینس لمبی سفید و سرمئی وِگ، نوکیلی ٹوپی اور چمکدار چغہ پہنے گھر کے باہر کھڑے دکھائی دیے۔
انہوں نے اپنے بیٹے کو گود میں اٹھا رکھا تھا جس نے ڈوبی کے کردار سے مشابہ بڑے کانوں والی ٹوپی پہن رکھی تھی۔
ویڈیو میں وینس نے اپنا تعارف نائب صدر ڈمبلڈور اور بیٹے کا تعارف ننھے ڈوبی کے طور پر کروایا، انہوں نے ہالووین کی مبارک باد دیتے ہوئے لوگوں کو محفوظ رہنے اور خوب مٹھائیاں کھانے کا پیغام بھی دیا۔
جے ڈی وینس نے اپنے اہلِ خانہ کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کے بچے بھی ہیری پوٹر کے کرداروں کے لباس میں نظر آئے۔
ایک بچے نے ہیری پوٹر جبکہ دوسرے نے مکڑی کا لباس پہن رکھا تھا۔
جے ڈی وینس کے مطابق ان کے بچوں کو ہیری پوٹر کی کہانیوں سے خاص لگاؤ ہے، اسی لیے خاندان نے اس بار ہالووین کے لیے ان ملبوسات کا انتخاب کیا ہے۔