• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا کانگریس سے شدید ٹکراؤ، صدارتی ویٹو اور عدالتی جنگوں کا امکان، اقتدار بچ گیا، پالیسیاں بھی بچ سکیں گی؟

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی تاریخی کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز ممکنہ طور پر دو سال کے لئے آمنے سامنے آ گئے ہیں، ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان شدید ٹکرائو ، صدارتی ویٹو اور عدالتی جنگوں کا امکان ، ٹرمپ کا اقتدار بچ گیا ، کیا پالیسیاں بھی بچ سکیں گی؟ڈیموکریٹس نے وسط مدتی انتخابات میں اپنی شاندار فتح کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لگام دینے کے لئے استعمال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے،جبکہ ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ وہ ایگزیکٹو کے نمایاں اختیارات کا استعمال جاری رکھنے کے لئے تیار ہیں،یہ پہلا موقع ہوگا کہ ٹرمپ، جو ایک ریپبلکن ہیں اور 2017 سے 2021 تک بھی وائٹ ہاؤس میں رہے، کو ڈیموکریٹس کے کنٹرول والی کانگریس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز نے یہ عہد کیا کہ "اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ غلط کام کرنے والوں کا احتساب ہو، انہوں نے ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئی کانگریس کے حلف اٹھانے سے پہلے ایران کے خلاف اپنی غیر مقبول آٹھ ماہ پرانی جنگ کو ختم کریں، جیفریز نے امریکی اخبار "ایم ایس ناؤ" کو بتایا، "امریکی عوام نے اس بدعنوانی کو پچھلے دو سالوں کے دوران رونما ہونے والی پالیسیوں کے منفی اثرات سے جوڑ دیا ہے۔"نیویارک سے تعلق رکھنے والے قانون ساز جیفریز، جو ایوان کے پہلے سیاہ فام اسپیکر بننے کی راہ پر گامزن ہیں، نے کہا کہ ڈیموکریٹس روز مرہ اشیاء کی قیمتوں کو زیادہ سستا بنانے کے لئے "سخت محنت" کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید