امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ٹرمپ انتظامیہ چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ہمیشہ سے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی مدتِ صدارت کے اختتام تک کام کرنے کا منصوبہ رہا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو کے دوران مارکو روبیو نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ انتظامیہ چھوڑنے سے متعلق خبریں کہاں سے سامنے آ رہی ہیں۔
روبیو نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اب 2028ء کے انتخابات کے بارے میں مزید بات نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ بلوم برگ نیوز نے جمعرات کو رپورٹ کیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد مارکو روبیو انتظامیہ سے علیحدگی پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے وائٹ ہاؤس کے حکام سے عہدہ چھوڑنے پر بات بھی کی تھی، تاہم ان سے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مارکو روبیو امریکی وزیرِ خارجہ کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر کی ذمے داریاں بھی انجام دے رہے ہیں اور انہیں 2028ء کے صدارتی انتخابات میں ممکنہ ریپبلکن امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ کے معاون وزیر ڈیلن جانسن نے بھی بلوم برگ کی رپورٹ کو مکمل طور پر من گھڑت قرار دے دیا۔
انہوں نے برطانوی خبر رساں ادارے دی انڈیپنڈنٹ کی اس خبر کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مارکو روبیو 2028ء کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن نامزدگی کے لیے مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ مارکو روبیو اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ اگر حالیہ نائب صدر جے ڈی وینس صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے ہیں تو میں جے ڈی وینس کی حمایت کروں گا، وینس کو بھی 2028ء کے ممکنہ صدارتی امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔