اسلام آباد (عاصم جاوید) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے خاندان کے خلاف مبینہ منظم کردار کشی کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی عدم برداشت اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہےگورنر راج، ایمرجنسی کیخلاف مولانا کے مؤقف کی حمایت، عمران کی میڈیکل رپورٹس منظر عام پر لانے کا مطالبہ۔ گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف مولانا فضل الرحمن کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کا جواب کردار کشی کے بجائے دلیل اور مکالمے سے دیا جانا چاہئے۔ تحریک نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات صوبائی خود مختاری اور عوامی مینڈیٹ کے منافی ہیں۔ بیان میں پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات کی سماعت معطل ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے سیاسی کارکنوں کی رہائی اور قانونی داد رسی متاثر ہو رہی ہے۔ تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی اور شہریوں کو عدالتوں تک مؤثر رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ تحریک نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس منظر عام پر لانے اور عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں علاج فراہم کرنے کے عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور دیگر منتخب نمائندوں کی مبینہ حراست سے متعلق قانونی حیثیت واضح کرنے، انہیں عدالتوں میں پیش کرنے اور اہل خانہ و وکلا تک رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت، عدلیہ کی آزادی، صوبائی خود مختاری اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔