• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تشخیص یہ ٹھہری کہ سسٹم نہیں چل رہا۔ اب نسخہ ریفرنڈم کا تجویز کیا جا رہا ہے۔ نئے انتظامی یونٹ 12 صوبے ۔عوام سے رائے لی جائے۔ واہگہ سے گوادر تک عوام کو تین ریفرنڈم یاد آگئے جن کا نتیجہ 95 فیصد ہاں سے اوپر ہی رہا۔

آج اتوار ہے۔ اپنے بیٹے بیٹیوں، پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں، بہوؤں دامادوں سے دوپہر کے کھانے پہ تبادلہ خیال کا دن ۔نماز عصر کے بعد محلے داری کا ۔ اتوار کو ریفرنڈم کا دن ہی سمجھ لیں اس سے بہتر کیا ریفرنڈم ہو سکتا ہے کہ گھر گھر بات ہو رہی ہو ۔موضوع نئے انتظامی یونٹ ہاں یا نہیں۔ اگر یہ ریفرنڈم ہو جاتا ہے تو یہ کسی سویلین دور میں پہلا ریفرنڈم ہوگا اب دور سویلین ہے یا کچھ اور۔ اس بحث میں پڑے بغیر مجھے سوئٹزرلینڈ یاد آگیا ہے جہاں ریفرنڈم کو آئینی حیثیت حاصل ہے۔ ریفرنڈم کے ذریعے عوام حکومت کے فیصلے بھی ویٹو کر سکتے ہیں۔

آپ سوئٹزرلینڈ کو ہمارے قارونوں اور شدادوں کے حوالے سے جانتے ہیںکہ سوئس بینکوں میں ان کا پیسہ پڑا ہے۔ ان کو خط نہ لکھنے پر ایک منتخب وزیراعظم کو گھر جانا پڑا تھا۔ تاریخ نے اس وزیراعظم کو اب سینٹ کا چیئرمین بننے کا موقع دے دیا اور وہ صدر مملکت کی عدم موجودگی میں قائم مقام سربراہ مملکت بھی بن جاتے ہیں ۔ان کو بھری عدالت میں مسند سے ہٹانے والے چیف جسٹس کو کوئی یاد بھی نہیں کرتا۔

ہمیں ایک دو بار سوئٹزرلینڈ جانے کا اتفاق ہوا وہاں سب سے زیادہ دلچسپ ریفرنڈم ہی لگا۔ ویسے تو سوئٹزرلینڈ کیلئے برف پوش چوٹیوں سمندروں جیسی جھیلوں کا حوالہ کافی ہے ۔سوئس ہیرو ازم کے قائل نہیں ہیں۔ 700سال سے وہاں کوئی بادشاہت نہیں ہے۔ کسی جنگ میں شامل نہیں ہوئے۔ اسلئے غیر جانبداری کا مرتبہ ملا۔ جب دو ملک آپس میں سفارتی تعلقات ختم کر لیتے ہیں ۔دونوں کے سفارت خانوں کی دیکھ بھال سوئس سفارتکار ہی کرتے ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے عوام کو اس کا تجربہ ہو چکا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں صدر کا انتخاب صرف ایک سال کے لیے ہوتا ہے۔ اور وہ بھی صرف سات وزراء کی کابینہ میں سے ایک کو چنا جاتا ہے۔ سوئس شخصیت پرستی کے قائل نہیں ہیں۔ ان کے ہاں ریفرنڈم محض رائے شماری نہیں بلکہ اصل حکمرانی ہے۔ وہاں پارلیمنٹ فیصلے کر بھی لے عوام کو آخری فیصلے کا حق حاصل ہے۔ 1848سے اب تک وہاں 670سے زیادہ قومی ریفرنڈم ہو چکے ہیں 18 سال سے اوپر کا ہر شہری ووٹ دے سکتا ہے۔ ووٹنگ سال میں زیادہ سے زیادہ چار اتواروں کو ہوتی ہے ہر بار ایک ہی دن میں چار سے پانچ مختلف معاملات پر ووٹ ڈالا جاتا ہے۔ ہر شہری کو پہلے ایک اطلاع نامہ بھیج دیا جاتا ہے جس میں متعلقہ مسئلے کے حق اور مخالفت میں دلائل ہوتے ہیں حکومت اور پارلیمنٹ کی سفارش درج ہوتی ہے۔ ریفرنڈم بھی وہاں دو اقسام کے ہیں ایک لازمی ریفرنڈم۔عام ریفرنڈم کے لیے تو بڑی تعداد میں دستخط جمع کروانے ہوتے ہیں ۔لازمی ریفرنڈم از خود ہوتا ہے آئین میں کوئی بھی ترمیم کسی اجتماعی سلامتی کی تنظیم یا سپر نیشنل تنظیم میں شمولیت۔ جیسے اقوام متحدہ میں شمولیت۔ آپ حیران ہونگے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز تو جنیوا سوئٹزرلینڈ میں 1945ءسے تھے مگر سوئٹزرلینڈ اقوام متحدہ کا رکن 2002ءمیں جا کر بنا ۔ایسا کوئی ہنگامی قانون جو آئین میں موجود نہ ہو ایک سال سے زیادہ چلے۔

1848ءسے ایسے ریفرنڈم 242بار ہوئے جن میں سے 72فیصد منظور ہوئے۔ دوسرا ریفرنڈم اختیاری ہے یہ عوام کا ویٹو ہے۔ پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کر دیا لیکن اسے عوام روک سکتے ہیں طریقہ یہ ہے کہ قانون سرکاری گزٹ میں چھپنے کے 100دن کے اندر پانچ لاکھ دستخط یا آٹھ کینٹنوں (انتظامی یونٹ) کی درخواست، دستخط پورے ہو جائیں تو قانون رک جاتا ہے. یہ 1874ءسے چلا آ رہا ہے اب تک ایسے 215 سے زیادہ ریفرنڈم ہوئے جن میں سے 58 فیصد منظور ہوئے اگر عوام نے نہیں کہہ دیا تو وہ قانون کبھی نافذ نہیں ہوا ۔ایک طریقہ یہ ہے کہ عوام خود پہل کرتے ہیں عوام خود آئین بدلنے کی تجویز لاتے ہیں۔ پارلیمنٹ نہیں اس کیلئے 18 ماہ کے اندر 10 لاکھ دستخط جمع کرنے ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ حکومت اپنی جوابی تجویز بھی دیتے ہیں۔ عوام ان میں سے ایک کو چن سکتے ہیں یا دونوں کو مسترد کر سکتے ہیں ۔ہر کینٹن (انتظامی یونٹ) کو برابری حاصل ہے۔ بڑے شہر کسی چھوٹے پہاڑی کینٹن پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتے۔جیسے یہاں بڑے صوبے اپنی مرضی چھوٹے صوبوں پر مسلط کرتے رہے ہیں۔

بس یوں سمجھ لیجئے کہ سوئیس اپنے فیصلے اپنی مرضی سے کرتے ہیں۔ سوئس ریفرنڈم کی تفصیلات بہت اہم ہیں۔ آپ اپنے ریفرنڈم سے پہلے پہلے پڑھ لیں۔ آبادی 90 لاکھ آٹھ ہزار ہے۔ سوئٹزرلینڈ 10 ستمبر 2002ءمیں اقوام متحدہ کا رکن بنا اور وہ بھی ایک ریفرنڈم کے ذریعے۔ پہلے 1986ءمیں سارے کینٹنوں نے انکار کر دیا تھا کہ اقوام متحدہ کا رکن بننے سے ہماری صدیوں پرانی غیر جانبداری ختم ہو جائے گی۔ پھر مارچ 2002ءمیں دوبارہ ریفرنڈم ہوا تو54.6فیصد نے ہاں کہا45.4فیصد نے نہیں۔

پاکستان کے آئین میں بھی ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے۔ اگر وزیراعظم کسی وقت کسی قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کرانا ضروری سمجھے تو یہ معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں رکھے گا۔ منظوری مل جائے تو وزیراعظم ہاں یا نہیں کی صورت میں عوام کے سامنے وہی معاملہ رکھے گا ۔اٹھارویں آئینی ترمیم سے پہلے وزیراعظم خود ریفرنڈم کا اعلان کر سکتا تھا۔ اب یہ شرط ہے کہ پہلے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری لازمی ہے اور یہ بھی واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی ریفرنڈم آئین کو بدل نہیں سکتا ۔اگر کسی صوبے کی حد بدلنی ہے تو متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کی طرف سے منظوری لازمی ہے۔ پاکستان میں ریفرنڈم کی حیثیت صرف مشاورت کی ہے ۔سوئٹزرلینڈ میں یہ خود بخود نافذ ہونے والا حکم ہے ۔یعنی سوئٹزرلینڈ میں عوام کی رائے مقدم ہے۔

پاکستان میں اب تک تین ریفرنڈم ہوئے تینوں فوجی حکمرانوں نے کروائے۔ 14فروری 1960 میں سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو صدر فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔ اس ریفرنڈم میں ووٹر عوام نہیں تھے۔ 80ہزار بنیادی جمہوریت کے منتخب نمائندے تھے۔ نتیجہ 95.6نے ہاں کہا 19 دسمبر 1984ءمیں عوام سے سوال کیا گیا۔ کیا پاکستان کے عوام جنرل محمد ضیاء الحق کے شروع کردہ اس عمل کی توثیق کرتے ہیں جس کے تحت پاکستان کے قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنایا جا رہا ہے نظریہ پاکستان کی حفاظت کی جا رہی ہے اور اقتدار منتخب نمائندوں کو منتقل کیا جائیگا۔ نتیجہ97.7فیصد نے ہاں کہا۔ 30اپریل 2002 کو سوال کیا گیا ۔۔کیا آپ صدر جنرل مشرف کو اگلے پانچ سال کے لیے صدر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ نتیجہ ۔97فیصد نے ہاں کہا۔ پاکستان میں جب بھی ریفرنڈم کی بات کی جاتی ہے تو عوام کو 97 فیصد نتیجہ یاد آ جاتا ہے۔

تازہ ترین