پاکستان کے پہلے فوجی حکمران ایوب خان عنان اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکہ پہنچے تو ان کاپرتپاک استقبال کیا گیا وہ بعدازاں امریکہ گئےتو اپنائیت کا جواز ختم ہوچکا تھا اسلئے کسی نے اہمیت نہ دی ۔ 24ستمبر1962ء کو نیویارک کا دورہ تو چلیں غیر رسمی تھا مگر14سے16دسمبر 1965ء کے سرکاری دورے میں بھی امریکی حکام جنرل ایوب خان کیساتھ نہایت سردمہری کےساتھ پیش آئے اور ماضی کے استقبال جیسی کوئی جھلک دکھائی نہ دی۔ایوب خان کے پہلے دورے کو کامیاب قرار دیا جاتا ہے حالانکہ ظاہری چمک دمک کے برخلاف اس دورے میں کوئی مقصد حاصل نہ ہوسکا۔ایوب خان اس امید کیساتھ گئے تھے کہ وہ بھارت کیلئے امریکی امداد رکوائیں گے اور مسئلہ کشمیر حل کروائیں گے مگر یہ دونوں مطالبات رد کر دیئے گئے۔ امریکہ چین اور روس کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہ رہا تھا اس مقصد کیلئے اسے پاکستان کی ضرورت تو تھی مگر اس سے کہیں زیادہ اسے بھارتی تعاون درکار تھا۔ڈاکٹر صفدر محمود اپنی کتاب Pakistan Political Roots and development 1947-1999کے صفحہ نمبر 199پر لکھتے ہیں کہ امریکہ نے دسمبر 1962ء میں بھارت کو 120ملین ڈالر کی فوجی امداد دی۔جون 1963ء میں امریکہ نے بھارت کو ایک بار پھر خاصی بڑی فوجی امداد دی۔اس عرصہ میں بھارت نے اپنی فوج کی تعداد 11ڈویژن سے بڑھا کر 22ڈویژن کرلی اس کے علاوہ بحریہ اور فضائیہ کی استعداد میں بھی اضافہ کرلیا۔بھارت پر ان امریکی نوازشات کی وجہ یہ تھی کہ u2طیارہ گرائے جانے کے بعد جنرل ایوب خان نے ایک طرف سوویت یونین سے راہ و رسم بڑھانا شروع کردیا تو دوسری طرف چینی حکام سے رابطوں کا آغاز ہوگیا۔دوسری طرف لداخ میں جھڑپوں کے بعد بھارت اور چین ایک دوسرے کے مدمقابل آگئے۔ان بدلتے حالات کے تناظر میں امریکی حکام کا خیال تھا کہ جو کام پاکستان نہیں کرسکا ،وہ بھارت سے لیا جا سکتا ہے۔امریکیوں نے آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں اور ایوب خان کاہیرو کی طرح استقبال کرنیوالےامریکی نائب صدر لنڈن بی جانسن نے بھارتی وزیراعظم نہرو کو پورے جنوبی ایشیا کی قیادت کرنے کا مشورہ دیدیا۔ ایوب خان نے صورتحال سے مایوس ہو کر4نومبر1961ء کو امریکی صدر کینیڈی نے کو ایک خط ارسال کیا ۔انہوں نے لکھا ’’مائی ڈیئر مسٹر پریزیڈنٹ!آپ نے مجھے یقین دلایا تھا کہ امریکہ کا بھارت کوکسی موقع پر فوجی امداد دینے کا کوئی ارادہ نہیںلیکن بالفرض کسی موڑ پر آپ کو یہ محسوس ہوا کہ ایسا کرنا ناگزیر ہے تو کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ہم سے مشورہ کیا جائے گا۔میں اس موقع پر ان یقین دہانیوں کویاد کروانے کے علاوہ اور کچھ نہیں کہنا چاہتا۔‘‘جب بھارت کو فوجی امداد ملنا شروع ہوگئی تو ایوب خان نے امریکی صدر کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا۔امریکی صدر کینیڈی نے جوابی خط میں محض یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ یہ ہتھیا ر چین کیخلاف استعمال کئے جائینگے۔اس کے ساتھ ہی امریکی صدر نے ایوب خان کو حکم دیا کہ مسٹر نہرو کو نجی طور پر پیغام بھیج کر اس بات کی یقین دہانی کروادیں کہ وہ پاکستان کی طرف سے کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں ۔یہ فرمائش نما حکم جس کا ذکرایوب خان نے اپنی خود نوشت ’’جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی‘‘میں کیا ہے ،اس کا مقصد یہ تھا کہ بھارت نے پاکستان سے منسلک سرحد پر بڑی تعداد میں جو فوج تعینات کر رکھی ہے ،اسے وہاں سے ہٹا کر چین کیخلاف جنگ میں استعمال کیا جاسکے۔ایوب خان نے فرماں بردار بچے کی طرح اس حکم کی تعمیل تو کی مگر بطور احتجاج امریکی صدر کو ایک طویل مراسلہ لکھ بھیجا جس کا کوئی اثر نہ ہوا۔ ایوب خان کو امریکیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کا احساس ہوچکا تھا اسلئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملکی سالمیت کے تحفظ کی خاطر معاشی بدحالی کا سامنا کرنے کو تیار ہیں ۔ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لوگ باہمی احترام کی بنیاد پر مدد مانگتے ہیں ،وہ دوستی چاہتے ہیں ،غلامی نہیں ۔ایوب خان نےبعد ازاں اسی جملے ’’فرینڈز ناٹ ماسٹرز‘‘کو اپنی سوانح حیات کا عنوان بنایا اور جب اس کتاب کا اردو ترجمہ شائع ہوا تو اس کا نام رکھا گیا،جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی۔ پاکستان بھارت کی فوجی امداد رکوانے کیلئے کوشاں تھا مگر جب 1965ء کی پاک بھارت جنگ چھڑ گئی تو امریکہ نے دونوں ملکوں کی فوجی امداد روک دی ۔ڈھاکہ میں نیا ایئر پورٹ بنانے کیلئے امریکہ نے فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ،یہ پیشکش بھی واپس لے لی گئی ۔جنرل ایوب خان کوچائنا کارڈ کھیلنا پڑا۔ 19اور20ستمبر1965ء کی درمیانی شب خفیہ طور پر بیجنگ جانے کا اہتمام کیا گیاتاکہ چینی وزیراعظم چواین لائی سے مدد حاصل کی جاسکے۔الطاف گوہر نے اپنی کتاب Ayub Khan:Pakistan's First Military Rulerمیں 343سے355تک اس خفیہ دورے کی تفصیل بیان کی ہے۔چواین لائی نے کہا عددی قوت کی برتری عوام کے عزم کومسخر نہیں کر سکتی، آپ کو بات چیت کے بجائے طویل جنگ کیلئے تیار ہو جانا چاہئے،ممکن ہے لاہور سمیت کئی شہر دشمن کے قبضے میں چلے جائیں مگر آپ کو ہرایا نہیں جا سکتا۔یہ مشورہ سن کر ایوب خان کے ماتھے پر پسینہ آگیا اورکہنے لگے،جناب!پنجاب کا میدانی علاقہ دشمن کی بڑھتی ہوئی فوجوں کیخلاف گوریلا کارروائی کیلئے مناسب نہیں ۔اس موقع پر چینی فوج کے سپہ سالار مارشل چن ژی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا،ہر چھوٹی بڑی نہر اور ٹیلے کو مورچے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ایوب خان نے پہلو بدل کا پوچھا ،آپ کا بھارت پر دبائو کب تک برقرار رہے گا؟چو این لائی نے کہا،جب تک آپ کو ضرورت ہوگی،ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے،چاہے آپ کو پہاڑوں تک پسپائی اختیار کرنا پڑے۔
چواین لائی نے واضح کیا تھا کہ امریکی اور روسی دونوں ناقابل اعتبار ہیں لیکن ایوب خان نے طویل جنگ لڑنے کے بجائے انہیں قوتوں پر انحصار کرتے ہوئے جنگ بندی کے بعد معاہدہ تاشقند پر دستخط کر دیئے۔ بھٹو کا خیال تھا کہ پاکستان کو بغیر کوئی معاہدہ کئے واپس لوٹ جانا چاہئے ۔قدرت اللہ شہاب کے مطابق روس کے تعاون سے ہورہے مذاکرات کے دوران مسٹر بھٹو نے کسی بات پر مشورہ دینے کی کوشش کی تو ان کا ناریل چٹخ گیااور غصے میں ڈانٹ کر بھٹو کو کہا،ـ’’اُلو… ،بکواس بند کرو‘‘۔ اگرچہ ڈکٹیٹرز کے ناریل بہت جلد چٹخ جاتے ہیں مگرتاریخ نے ثابت کیا کہ ایوب خان بزعم خود دشمنوں کے ہاتھوں اُلو بن گئے۔