• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر، وزیراعظم ملاقات، نظام کے ستونوں کے تحفظ پر اتفاق

اسلام آباد:(انصار عباسی)…پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ سخت بیانات کے باعث پیدا ہونے والی سیاسی ہلچل کے باوجود موجودہ سیاسی انتظام میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں۔ حکمراں اتحاد اور اس کے اہم شراکت داروں کو متحد و متفق رکھنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کے اثرات اور اس امکان سے متعلق جب ایک اہم عہدے پر فائز شخصیت سے سوال کیا گیا کہ کیا ان بیانات سے موجودہ نظام کا تسلسل خطرے میں پڑ سکتا ہے تو اُن کا کہنا تھا کہ بظاہر صورتحال کسی حد تک غیر یقینی دکھائی دیتی ہے لیکن کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انشاء اللہ، حالات پاکستان کے بہترین مفاد میں آگے بڑھیں گے۔ یہ جائزہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلاول بھٹو کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کیخلاف انتباہ، نئے صوبوں کے قیام کیلئے مجوزہ ریفرنڈم پر تنقید اور سیاسی و جمہوری نظام کی ازسرِنو تشکیل کے مطالبے کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی جمعرات کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ تمام معاملات بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بیان میں مزید یاد دلایا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کی گئی تھیں۔ تاہم، وفاقی کابینہ کے دو انتہائی اہم ارکان سے ہونے والی بات چیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے متعلق حالیہ سیاسی کشیدگی کے تناظر میں یہ ملاقات خاص اہمیت رکھتی تھی۔ کابینہ کے ایک رکن نے کہا کہ یہ ملاقات واضح طور پر بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات بالخصوص بعض حکومتی اقدامات پر ان کی تنقید اور نئے صوبوں سے متعلق مجوزہ تبدیلیوں پر ان کے تحفظات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورت حال سے متعلق تھی۔ کابینہ کے ایک دوسرے رکن نے اس معاملے کی وسیع تر وضاحت کرتے ہوئے موجودہ سیاسی انتظام کو تین اہم ستونوں (نون لیگ، پیپلز پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ) پر قائم قرار دیا۔ ان کے مطابق، بنیادی معاملہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ان تینوں ستونوں میں سے کسی ایک کو بھی نقصان نہ ہو کیونکہ ان میں سے کسی ایک میں بھی سنگین خلل پورے نظام کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ ان کے بقول، کوشش یہ ہے کہ ان تینوں شراکت داروں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے اور موجودہ نظام بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرتا رہے۔ بلاول بھٹو نے حال ہی میں نئے صوبوں کے قیام کی مجوزہ تجویز، بالخصوص سندھ کی تقسیم کا سبب بننے والے کسی بھی اقدام کیخلاف سخت عوامی مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے کے تصور پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی طریقۂ کار اور سیاسی مشاورت کا احترام کیا جانا چاہئے۔ اپنے تازہ بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ دھمکی کی بجائے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جمہوری نظام کی ازسرِنو تشکیل اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد میں اضافے کی حمایت کی۔ ان بیانات پر متعدد وفاقی وزراء کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا، جس سے حکمراں اتحاد کے اندر اختلافات بھی نمایاں ہوگئے۔

اہم خبریں سے مزید