کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے چیئرمین اور وفاقی وزیرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خبر دار کیا ہے کہ سندھ کے شہری کسی کے ہاری نہیں اور نہ ہارے ہیں، سندھ کے شہری علاقوں کے عوام اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ماضی کے سانحات میں بھی جبر کا سامنا کر چکے ہیں۔ یہ دھمکیاں ہم پر کارگر ثابت نہیں ہوں گی، ہماری دلیلوں کے جواب دیں اور پارلیمان میں آکر بات کریں۔بلاول بھٹو نے پورے پاکستان کو دھمکی دی ہے، عدالتوں کا ازخود نوٹس لینا بنتا ہے، وفاقی حکومت اور امن وامان قائم کرنے کے ذمہ دار بھی بلاول بھٹو کے خونریزی سے متعلق بیان کا نوٹس لیں۔ کیا عزیر بلوچ سے خونریزی کرانی ہے، بلاول زرداری خواہ مخواہ بھٹو بنے ہوئے ہیں۔جمعرات کو مرکز بہادر آباد میں پر ہجوم پریس کانفرنس میںخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ستمبر 1988 میں حیدرآباد میں 300 سے زائد مہاجروں کا قتل کیا گیا، آپ حکومت میں ہیں لیکن اس پر کوئی کمیشن نہیں بنایا۔ یہ لب و لہجہ استعمال نہ کریں۔