اسلام آباد: (انصار عباسی)…نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کرانے کی بحث نے صدر آصف علی زرداری کے سیاسی کردار کو بھی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 48؍ اور 54؍ اس عمل میں وزیراعظم اور صدر مملکت کی متعلقہ ذمہ داریوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ آرٹیکل 48، جو بنیادی طور پر وزیر اعظم یا کابینہ کے مشورے پر صدر مملکت کے عمل کرنے سے متعلق ہے، مجوزہ اقدام کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
آرٹیکل 48 (1) کے تحت صدر کو اس مشورے کے مطابق عمل کرنا ہوتا ہے، تاہم وہ کابینہ یا وزیراعظم سے اس پر نظرثانی کرنے کیلئے کہہ سکتے ہیں۔ لیکن اگر سفارش دوبارہ پیش کیا جائے تو صدر آئینی طور پر اس پر عمل کے پابند ہیں۔
مزید وضاحت کے ساتھ، آرٹیکل 48(6) میں کہا گیا ہے کہ اگر وزیراعظم یہ سمجھیں کہ قومی اہمیت کے کسی معاملے پر ریفرنڈم ضروری ہے تو وہ یہ معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کر سکتے ہیں۔
اگر مشترکہ اجلاس اس تجویز کی منظوری دے تو وزیراعظم اس معاملے کو ریفرنڈم کیلئے پیش کرا سکتے ہیں، جس میں سوال اس انداز سے مرتب کیا جائے گا کہ اس کا جواب ہاں یا نہ میں دیا جا سکے۔
دوسری جانب، آرٹیکل 54(1) صدر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ آرٹیکل 48(1) کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ مشترکہ اجلاس بلانے کے آئینی عمل میں صدر کا بھی کردار ہے، اور وہ وزیراعظم یا کابینہ کے مشورے کے مطابق اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہیں۔
اس طرح، اگرچہ صدر زرداری آرٹیکل 48(6) کے تحت ازخود ریفرنڈم کرانے یا اس کا حکم دینے کے مجاز نہیں، تاہم ان کا منصب اس آئینی عمل کا حصہ ہے جس کے ذریعے یہ معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس تک پہنچ سکتا ہے۔
اس سے قبل دی نیوز نے مجوزہ ریفرنڈم کے ایک اور ممکنہ سیاسی پہلو کی نشاندہی کی تھی کہ متعلقہ حکام اس عمل کو نئے صوبوں کے قیام کی مخالف جماعتوں پر سیاسی دباؤ ڈالنے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔
اگر ایسی حکمتِ عملی اختیار کی گئی تو اس تجویز کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں مشکل حالات سے دوچار ہو سکتی ہیں، بالخصوص اگر حکومت نئے صوبوں کی مخالفت کو عوامی جذبات کے منافی قرار دینے کی کوشش کرے۔
تاہم، اگر ریفرنڈم کو پارلیمانی منظوری مل بھی جائے اور ووٹرز نئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دے دیں، تب بھی اس سے آرٹیکل 239(4) کی آئینی شرط ختم نہیں ہوگی۔
اس آرٹیکل کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کرنے والی آئینی ترمیم کی منظوری متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت سے حاصل کرنا لازمی ہے۔