• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کا بڑا گٹھ جوڑ بے نقاب، 240 ارب کی ٹرانزیکشنز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کےخلاف کارروائی کےدوران جوئے اورسٹے کا بہت بڑا گٹھ جوڑ بےنقاب کردیا، تحقیقات کے دوران آن لائن جوئے اورسٹے کے ذریعے 240ارب روپے کی ٹرانزیکشنزسامنےآئیں،5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ایک اورکارروائی کے دوران ٹیٹو ہیکرکوگرفتارکیا گیا،ملزم ٹیلی گرام پر گوتھم کے نام سے اکاؤنٹ چلا رہا تھااورڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کر کے فروخت کرنےمیں ملوث تھا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی شہزاد اکبر نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف تین ماہ تک تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات میں ایکس 777، میل بیٹ اور ون ایکس بیٹ سمیت متعدد بیٹنگ ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پرمالیاتی لین دین کا انکشاف ہوا، آن لائن جوئے میں ملوث 38 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہےجبکہ 38 کمپنیوں کے کردار کےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر جوئے کی طرف راغب کرتی ہیں اور بعد ازاں صارفین کی رقوم مسلسل اس کاروبار میں گردش کرتی رہتی ہیں،صارفین جاز کیش اور ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقل کرتے ہیں جبکہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد دوبارہ بیٹنگ ایپس میں لگایا جاتا ہے۔شہزاد اکبر نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی گئی تھی تاہم این سی سی آئی اے کی جاری تحقیقات میں مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ گئی۔تحقیقات کے مطابق آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی مجموعی مالیاتی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک ہونے کا خدشہ ہے،کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اوراثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے، نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے جاتے تھے۔ڈیری، ویب ڈیزائننگ اور دیگر کاروباروں کی آڑ میں اکاؤنٹس کھول کر ان کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی جاتی تھیں، بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے، ایک شخص کے نام پر کھولے گئے تین بینک اکاؤنٹس میں 18ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ایک اور اہم کارروائی میں ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے والے پاکستانی نوجوان کو بھی گرفتارکرلیا۔ بین الاقوامی ایجنسی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو منظور کالونی کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے جسم پر موجود مختلف ٹیٹوز اور سائبر جرائم سے متعلق دیگر تفصیلات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں ۔ملزم کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی ایجنسی تین سال سے کوشش کر رہی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے کی ایک اورکارروائی میں میں ڈبہ اسکیم چلانے والے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ گرفتار ملزم دانیال ڈائلر سافٹ ویئر کی تیاری اور خریداری کے علاوہ مختلف کال سینٹرز کو بھی یہ سافٹ ویئر فراہم کرتا تھا، ڈبہ اسکیم کے نیٹ ورک میں استعمال ہونے والے ڈائلرسسٹم کی تیاری اور فراہمی میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کم عمر بچیوں کے آن لائن استحصال کا خدشہ سامنے آنے پر فوری طور پر ان کے والدین کو آگاہ کیا گیا،این سی سی آئی اے نے شواہد والدین کے سامنے رکھے اور تینوں بچوں کو محفوظ تحویل میں پہنچایا، بچوں کے آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ممکنہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اہم خبریں سے مزید