کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ ،کراچی کیلئے 500الیکٹرک بسوں اور 540ملین ڈالر کے اسٹار-واش پروگرام کی منظوری،کابینہ نے کراچی کیلئے سندھ سیف سٹیز پروجیکٹ فیز ٹو کی بھی منظوری دی ،کابینہ نے محکمہ اسکول ایجوکیشن اور سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کے درمیان معاہدے کے ایک ضمیمے کی منظوری دی،تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ کابینہ نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونیوالے 21نکاتی اجلاس میں ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی جن کا براہ راست تعلق لوگوں کی روزمرہ کی زندگیوں سے ہے،کابینہ نے صوبے میں معیارِ زندگی بلند کرنے کے ایک بڑے اقدام کے تحت کراچی کیلئے 500 الیکٹرک بسوں، سٹار-واش (STAR-WASH) پروگرام کے لئے 540ملین ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی پیکج، اور صحت، تعلیم، عوامی تحفظ اور گورننس کی بہتری کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔ آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لائیں اور اس بات پر زور دیا کہ منظور شدہ منصوبوں سے عوام کو واضح ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہماری ترجیح پینے کا صاف پانی فراہم کرنا اور پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری تاخیر کو ختم کریں اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔