اسلام آباد(نیوزڈیسک) بینک آف پنجاب نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026ء کے موقع پر منعقدہ نویں گلوبل ایس ایم ای فنانس ایوارڈز میں ’’پروڈکٹ انوویشن آف دی ایئر‘‘ کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ ایوارڈ بینک کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالیاتی سہولتوں میں جدت اور نئے مواقع فراہم کرنے کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ ایس ایم ای فنانس فورم کے زیر اہتمام ایوارڈز کی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے شرکت کی اور مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والے اداروں کو ایوارڈز پیش کیے۔ گلوبل ایس ایم ای فنانس ایوارڈز کے ذریعے ترقی پذیر اور ترقی یافتہ معیشتوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں تک مالی وسائل کی رسائی بہتر بنانے، جدت متعارف کرانے اور مالیاتی خدمات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔