• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اسے کہنا دسمبر آرہا ہے‘۔یہ ایڈوانس لائن خاکسار کی اپنی ہے۔ہمیشہ کی طرح میں نے 2027ءکی منصوبہ بندی بھی کرنا شروع کردی ہے اگرچہ امکان ہے کہ اگلے سال میری منصوبہ بندی پوری ہونے سے پہلے ’صوبہ بندی‘ ہوچکی ہوگی لیکن پھر بھی میں اپنے ارادے پر قائم ہوں۔پچھلے تیس سال سے میں ہر نئے سال کی منصوبہ بندی ایسے ہی کرتاہوں لیکن صد افسوس دنیا کے جھمیلے یہ منصوبہ بندی جنوری کے دوسرے تیسرے ہفتے ہی نیست و نابود کر دیتے ہیں۔ چونکہ میرے سارے کام الٹ ہوجاتے ہیں لہٰذا اِس بار میں نے جو لسٹ بنائی ہے وہ سارے اُلٹے کاموں کی ہے تاکہ تقدیر اگر ہمیشہ کی طرح پھر میرے ارادوں کے برخلاف چلے تو سارے کام ٹھیک ہوجائیں۔تواے میری تقدیر سن لے ’میں اس سال بھی سگریٹ نہیں چھوڑوں گا۔ روز دو بجے دوپہر کو اُٹھا کروں گا۔چائے اور کافی کے دس کپ پیا کروں گا۔ڈٹ کے مٹھائی کھاؤں گا اور بال کانوں تک بڑھاؤں گا‘۔ مجھے کسی نے شک ڈال دیاہے کہ تمہاری تقدیر ضدی ہے، ہر کام الٹا کرے گی۔

تو دیکھتے ہیں کیا ہوتاہے۔آج اپنی ایک برسوں پرانی ڈائری ہاتھ لگی جس میں لکھا تھا’نئے سال میں حق کی بات کرنی ہے‘۔ اس سے پہلے کہ یہ ڈائری کسی کے ہاتھ لگے اور وہ اس پوائنٹس کے بارے میں مجھ سے پوچھے، میں نے حق کے ساتھ نواز لکھ دیا ہے۔ اب میں اطمینان سے کہہ سکتاہوں کہ میں نے نئے سال میں اپنے دوست حق نواز کی شادی کی بات کرنی تھی جو الحمدللہ کردی گئی تھی۔یاد رہے کہ اب حق نواز قضائے الٰہی سے دو بیویوں کا شوہر ہے۔

٭٭٭٭

کیسی حیرت کی بات ہے کہ پٹرول کی قیمتیں 390سے 320کے قریب آن پہنچی ہیں لیکن نہ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کی ہے نہ اشیائے ضروریہ سستی ہوئی ہیں۔آج سے ایک ماہ پہلے بھی لاہورسے اسلام آباد تک جانے والی لگژری بسوں کا کرایہ وہی تھا اورآج بھی وہی ہے۔شکایات سیل بنے ہوئے ہیں، فون نمبرز دیے ہوئے ہیں لیکن حرام ہے جو کبھی ان نمبرز پر بات کرنے کا فائدہ بھی ہوا ہو۔پچھلے دنوں اسلام آباد جانا ہوا تو بھیرہ ریسٹ ایریا میں ایک مسافر نے واویلا مچایا کہ ڈیڑھ سوروپے کی چائے کے180روپے وصول کیے جارہے ہیں اورپتی ایسی ہے کہ لگتاہے ایک ہفتہ پہلے پانی میں ڈالی تھی۔

اِن صاحب کا چائے والے سے جھگڑا ہوگیا۔ان کی توجہ اس طرف دلائی جدھر قیمتوں کا ایک چارٹ لگا ہوا تھا اور سرکار نے نیچے اپنا نمبر بھی دیا ہوا تھا کہ شکایت کی صورت میں اس نمبر پر رابطہ کریں۔ انہوں نے رابطہ کیا، شکایت درج کرائی لیکن اسی دوران چائے والے نے ایک قہقہہ لگایا اور ایسا منہ بنایا گویا سارے مسافروں کا مذاق اڑا رہاہو۔آپ سوشل میڈیا اٹھا کر دیکھ لیجئے، خود تجربہ کرلیجئے، موٹر وے کے سفر میں ہر کسی کو اِن ریسٹ ایریاز والوں سے شکایات ہی ہوں گی۔

کیا وجہ ہے کہ موٹر وے انتظامیہ بھرپور کوشش کے باوجود اس چھوٹے سے مافیا کو کنٹرول نہیں کر پارہی؟ اگر موٹر وے قابو میں نہیں تو پورے ملک میں مہنگائی کنٹرول کرنے والوں کی کیاحالت ہوگی؟اس وقت تو یہ حالت ہے کہ لوگ لُٹ بھی رہے ہیں اور لوٹ بھی رہے ہیں۔

٭٭٭٭

اداکار ریمبو ہمارے معروف ایکٹر ہیں۔ فلموں سے لیکر ڈراموں تک انہوں نے بہت محنت سے کام کیا ہے۔ انہوں نے میرے بھی مختلف پراجیکٹس میں کردار ادا کیے۔آج کل یوٹیوب پر اُنکے ایک کلپ کو لیکر اس ہنستی بستی فیملی کو ایک ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا گیاہے۔کسی ایک انٹرویو میں ریمبو اپنے باپ کے ذکر پر رنجیدہ ہوگئے اور اسی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج کل کے بچے تو اپنے اپنے کمروں میں بند رہتے ہیں اور باپ سے بات کرنے کا بھی وقت نہیں ہوتا۔ اسی بات کو لے کر سستے یوٹیوبرز نے طوفان کھڑا کردیا کہ ریمبو کے بچے نافرمان نکل آئے ہیں۔میرا سوال ہے کہ کیا آج کل کی نوجوان نسل ایسی نہیں ہے؟ اس میں نافرمانی والی کون سی بات ہے؟

جین زی کا مزاج ہی ایسا ہے۔ اس بات کو بھی اچھالا گیا کہ ریمبو نے کہا ہے کہ میری ایک بیٹی بھی ہونی چاہیے تھی۔ کیا یہ بات کسی گھریلو ناچاقی کی طرف اشارہ کرتی ہے؟ جسکی بیٹیاں ہوتی ہیں وہ بیٹا چاہتاہے اور جس کے بیٹے ہوں اسے بیٹی کی خواہش رہتی ہے۔ اس میں نئی بات کیا ہے؟۔آج کل نیا ٹرینڈ چلا ہوا ہے، پوڈ کاسٹ کرنے والے کسی معروف شخصیت کو بلا کر اس کو مکمل جذباتی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پھر اس سے جان بوجھ کر ایسے سوالات پوچھتے ہیں جس سے اس کے آنسو نکل آئیں۔بعد میں انہی آنسوؤں پر پھڑکتا ہوا تھمب نیل لگا کرویوز بٹورنے کا سلسلہ شروع ہوجاتاہے۔ لوگ اس پر تنقیدی کمنٹس بھی کریں تو اس کافائدہ بھی یوٹیوبر کو ملتاہے کہ Reachاور کھل جاتی ہے اسی لیے آپ نے دیکھاہوگا کہ کئی یوٹیوبر گالیوں والے کمنٹس بھی ڈیلیٹ نہیں کرتے۔آج کل گالیاں بھی ڈالرز لانے کا باعث بنتی ہیں۔

ریمبو اور صاحبہ نے فلمی جوڑی ہونے کے باوجود ایک دوسرے سے محبت نبھائی اور آج تک نبھا رہے ہیں۔ ان کے بیٹے جوان ہوچکے ہیں اور ہرجوان بیٹے کی طرح وہ بھی اپنے جیسے نوجوانوں میں خوش رہتے ہیں۔ یونہی کسی کے گھر میں جھانک جھانک کر اپنی مرضی کا مطلب نکالنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔جن یوٹیوبرز نے یہ بیہودہ حرکت کی ہے ان کے محلے میں جاکر ان کے بارے میں پوچھیں تو بیشتر کے بارے میں اہل محلہ کی یہی رائے ہوگی کہ ایک نمبر کا ڈیش ہے۔

تازہ ترین