• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین نقی شاید اس قافلے کے’ آخری سالار‘ تھے جس نے قیام پاکستان کے فوراً بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس( پی ایف یو جے) کی بنیاد رکھی ملک میں آزادی صحافت اور انسانی حقوق اور عوام کے جاننے کے حق کی جدوجہد کی اور زندگی کی آخری سانس تک یہ لڑائی لڑتے رہے۔ انتقال سے ایک دن پہلے تک وہ متحرک تھے اور کانفرنس میں شریک ہوئے جس روز ان کے انتقال کی خبر آئی اسی شام انہیں جناب حمید اختر صاحب کے صد سالہ جشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہونا تھا جوانکی جدوجہد کے ساتھی تھے۔ سوچتا ہوں نثار عثمانی صاحب گئے تو برنا صاحب موجود تھے، وہ رخصت ہوئے تو احفاظ الرحمان زندہ تھے، اب نقی صاحب گئے تو’ جرات انکار‘ کا آخری استعارہ بھی نہ رہا۔

ایک رات قبل ہی میں، ناصر زیدی اور اکرم قائم خانی اسی جشن حمید اختر کیلئے لاہور میں تھے اور پروگرام تھا کہ صبح نقی صاحب کی طرف چلیں گے ملاقات کیلئے، پھرہم گئے بھی مگر ان کے جنازے میں شرکت کیلئے۔ ویسے تو انہوں نے92سال کی بھرپور زندگی گزاری اور اس جدوجہد میں شاید ہی کوئی دور ہو جس میں وہ جیل نہ گئے ہوں مگر ہم کو پھر بھی ایک حوصلہ تھا کہ کوئی ہے جو ہماری رہنمائی کیلئے موجود ہے۔ میں نے اپنی پوری صحافتی زندگی میں اور ٹریڈ یونین کے کارکن کی حیثیت سے ہمیشہ ان سے رہنمائی لی خاص طور پر جب آج سے چند سال پہلے میں نے اور کچھ ساتھیوں نے جن میں نظام صدیقی اور وارث رضا نمایاں تھے PFUJکی تاریخ مرتب کرنا شروع کی تو نقی صاحب تو صحافت ہی کیا سیاست کی بھی چلتی پھرتی تاریخ تھے۔ کتاب آئی تو وہ مجھ سے بہت خوش تھے۔’’ مظہر، یہ کام بہت ضروری تھا‘‘۔ میں نے کہا نقی صاحب آپ نہ ہوتے تو ناممکن تھا۔ میری نئی کتاب کے اردو ترجمے کا پیش لفظ نقی صاحب نے ہی تحریر کیا ہے تاہم ابھی اس میں کچھ وقت ہے انہی سے صدارت کرانی تھی۔ انکی اپنی آخری کتاب’جو مجھ سے ہوسکا‘ اس جدوجہد کی پوری تاریخ ہے گوکہ اب تنظیم بدقسمتی سے مفادات، گروپس کا شکار ہوگئی مگر اس ’ چراغ‘ کو بجھنے نہیں دینا۔مجھے نہیں یاد پڑتا کہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں کسی بھی ملک میں ایسی تاریخی جدوجہد آزادی صحافت ، اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کیلئے کی گئی ہو۔ جس کی اصل وجہ وہ لوگ تھے جو نہ صرف اپنے نظریہ پر ثابت قدم رہے بلکہ صحافتی اقدار میں بھی ۔ کیا کوئی دوسری تنظیم ہے جسکی قیادت ایم اے شکور سے لے کر نثار عثمانی، منہاج برنا، عبدالقدوس شیخ، علی احمد خان، احفاظ الرحمان تک جیل نہ گئی ہو، نقی صاحب اس قافلے کی سب سے توانا آواز تھے۔ تاہم’جرات انکار‘ کی جو سزائیں ان کے حصہ میں آئیں چاہے وہ نوکری سے نکالے جانا ہو یا زمانہ طالبعلمی میں ’ صوبہ بدری‘ ہو یا شہر بدری وہ ان کے ہی نصیب میں آئیں۔ وہ غالباً واحد صحافتی رہنما تھے جنہوں نے ہردور میں جیل کاٹی حالانکہ ذوالفقار علی بھٹو کی ان سے ذاتی دوستی تھی مگر ’سوال‘ کرنے پر، تنقید کرنے پر جیل جانا پڑا جنرل ایوب خان، جنرل یحییٰ خان، جنرل ضیاء الحق، جنرل پرویز مشرف سب کو یہ ’ اعزاز حاصل ‘ ہے کہ انہوں نے حسین نقی کو جیل میں رکھا۔ تاہم ذاتی طور پر میرے لیے سب سے تکلیف دہ لمحہ وہ تھا جب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاہورکی بھری عدالت میں انہیں جس انداز میں مخاطب کیا وہاں موجود تمام صحافیوں نے اس پر اعتراض کیا مگر نقی صاحب انتہائی مطمئن تھے کیونکہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے تھے تاہم یہاں بھی ’ جرات انکار‘ کرتے رہے کبھی چھ ماہ کی سزا، کبھی سال بھر تو کبھی نظر بندی مگر نہ کبھی اپنی کسی خبر سے پیچھے ہٹے اور نہ کبھی خبر کے ذرائع بتائے۔ وہ صحافت کی آبروتھے۔ وہ ان چند صحافیوں میں شامل تھے جنہوں نے نہ صرف1970میں بلکہ1971میں’ سقوط ڈھاکہ‘ یا یوں کہیں کہ بنگلہ دیش اپنے سامنے بنتے دیکھا اور وہ اس آخری ملاقات کے شاید آخری گواہ تھے جب بھٹو صاحب شیخ مجیب الرحمان سے ملنے ڈھاکہ گئے تھے۔ حسین نقی کو اپنے صحافتی کیرئیر میں بطور سزا کبھی ایک شہر تو کبھی دوسرے شہر بطور سزا ٹرانسفر کردیاجاتا مگر ایسے اقدامات سے کبھی ان کے قلم میں جنبش نہیں آئی اور وہ ثابت قدم رہے اور یہی بات ان کو ممتاز کرتی ہے اس دور کے صحافیوں سے۔

وہ اپنے اسی کردار اور اصول پسندی کی وجہ سے اپنے مخالفین میں بھی چاہے وہ سیاست میں ہوں یا صحافت میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے انکی کئی بار دلچسپ نوک جھونک جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن سے میں نے ذاتی طور پر دیکھی ہیں۔ زمانہ طالبعلمی میں جب وہ جامعہ کراچی طلبہ یونین کے صدر تھے جامعہ سے نکالے گئے کیونکہ انہوں نے چند بلوچ طلبہ کو وائس چانسلر کے حکم پر نکالے جانے پر احتجاج کیا تھا۔طالب علموں کیخلاف کارروائی روک دی گئی مگر نقی صاحب کو نکال دیا گیا۔

وہ شاید واحد صحافتی رہنما تھے جنہوں نے کئی فوجی عدالتوں کابھی سامنا کیااور سول عدالتوں کا بھی۔ وہ اکثر ان واقعات کا ذکر کرتے تھے اور مجھ جیسے جونیئر کا حوصلہ بلند کرتے۔ میں نے 1970ء اور1977ء کی صحافتی تحریکیں تو نہیں دیکھیں ماسوائے ان لوگوں سے اس تاریخی جدوجہد کے بارے میں معلومات حاصل کیں مگر 2007ءمیں جب جنرل پرویز مشرف کی میڈیا پر پابندی کیخلاف جدوجہد شروع کی تو ان احتجاجی کیمپوں میں برنا صاحب اور نقی صاحب کو عملی طور پر شریک ہوتے دیکھا۔

میں اس لحاظ سے اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ میں نےپچھلے40سال میں نثار عثمانی، منہاج برنا، احفاظ الرحمان، عبدالقدوس شیخ، عاصمہ جہانگیر، فخر الدین جی ابراہیم، جسٹس دراب پٹیل، آئی اے رحمن، خالد علیگ، پیرپیکر نقوی، آئی ایچ راشد جیسے لوگوں کے درمیان اور ساتھ وقت گزارا یہ لوگ اپنے اپنے شعبوں اور پیشے میں نہ صرف ’جرات انکار‘ کا حوصلہ رکھتے تھے بلکہ کبھی اپنے پیشہ ورانہ کام سے غافل بھی نہیں رہے۔ یہ وہ لوگ تھے جو’ اقتدار‘ کیلئے نہیں بلکہ ’ معاشرتی اقدار‘ کیلئے جیلوں میں گئے، دور آمرانہ ہو فوجی ہو یا سویلین۔ حسین نقی اس قافلے کے آخری سالار تھے۔

ہم بھی کس دور میں زندہ ہیں یا یوں کہیں کہ سانس لے رہے ہیں جہاں سوچ پر ہی پابندی ہے۔ جس معاشرے میں فیض احمد فیض، ظہیرکاشمیری، جوش، جالب، احمد ندیم قاسمی جیسے لوگوں اور ان جیسے صحافی رہنماؤں نے’ کال کوٹھڑی‘ میں گزاری ہو وہ معاشرہ کیسے آگے جاسکتا ہے۔ کچھ اقتدار کیلئے جیل جاتے ہیں کچھ اقدار کیلئے۔

تازہ ترین