• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ایوی ایشن جریدے ’’فلائٹ گلوبل‘‘ کی حالیہ رپورٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر دنیا بھر میں شرمندگی سے دوچار کردیا ہے۔ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہےکہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہوکر 32 ہوگئی ہے۔ اس انکشاف سے پاکستان کے اس دعوے کی تصدیق ہوتی ہے کہ مئی 2025 ءکی پاک بھارت جنگ ’’معرکہ حق‘‘ میں پاک فضائیہ نے متعدد بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جن میں 4 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

’’فلائٹ گلوبل‘‘ دنیا کی فضائی افواج، جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور عسکری ہوا بازی کے وسائل سے متعلق سالانہ اعداد و شمار شائع کرتا ہے جسکی 2027ءکی World Air Forces Directory میں بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کی تعداد 32بتائی گئی ہے۔ بھارت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36رافیل طیارے حاصل کئے تھے جن کی مجموعی مالیت 8.7ارب ڈالر تھی۔ 10نومبر 2026ءکو جاری ہونیوالی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد مئی 2025ءکی پاک بھارت جنگ پاکستان کے دعوئوں اور بھارتی انکار کی بحث ایک بار پھر عالمی دفاعی حلقوں میں چھڑگئی ہے اور بھارتی دفاعی حلقوں کی جانب سے اس رپورٹ پر اعتراضات اور سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ ’’فلائٹ گلوبل‘‘ کی حالیہ رپورٹ سے قبل برطانوی دفاعی جریدے Key Aero کی رپورٹ میں مار گرائے جانے والے4 رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز بھی سامنے آچکے ہیں۔ پاکستان کیلئے برطانوی جریدے کی حالیہ رپورٹ اس لئے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران پاک فضائیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے متعدد جنگی طیارے مار گرائے جن میں 4 رافیل ، ایک سخوئی 30، ایک مگ 29، ایک میراج 2000 اور ایک کثیر المقاصد بغیر پائلٹ جنگی طیارہ بھی شامل تھا لیکن بھارتی حکومت اور بھارتی فضائیہ ہمیشہ پاکستان کے اس دعوے کی تردید کرتی رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے رہے ہیں اور ٹرمپ کے حالیہ بیان کے مطابق تباہ ہونے والے بھارتی جنگی طیاروں کی تعداد 10تھی مگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس معاملے پر ہمیشہ خاموشی اختیار کئے رہے تاہم ایک موقع پر بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل انیل چوہان نے اپنے جنگی طیاروں کی تباہی اور ابتدائی حکمت عملی کی غلطیوں کا اعتراف کیا مگر تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔

فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے کا شمار دنیا کے بہترین جنگی طیاروں میں ہوتا تھا اور کسی ملک کی ایئر فورس میں رافیل طیارے کا شامل ہونا اُس ملک کی دفاعی ضمانت سمجھاجاتا تھا۔ ان طیاروں کے حصول کے بعد بھارت اس خوش فہمی میں مبتلا ہوگیا تھا کہ اُسے پاکستان کے آسمانوں پر برتری حاصل ہوگئی ہے اور وہ کسی وقت بھی پاکستان کے شہروں کو غزہ کی طرح تباہی سے دوچار کرسکتا ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی کئی مرتبہ اپنی تقاریر میں رافیل طیارے کا نام لے کر اس بات کا برملا اظہار بھی کرچکے تھے تاہم ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی نے یہ ثابت کیا کہ جدید جنگی طیاروں کی قیمت، ٹیکنالوجی اور شہرت کے باوجود جنگ کا فیصلہ صرف طیارے کے معیار سے نہیں ہوتا بلکہ پائلٹ کی مہارت اور پیشہ وارانہ تربیت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بھارت کو اپنے رافیل طیاروں اور پائلٹوں پر بڑا گھمنڈ تھا مگر وقت نے یہ ثابت کر دکھایا کہ طیارے پر لگا لیبل نہیں بلکہ کاک پٹ میں بیٹھا پائلٹ جنگ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے جسے پاکستانی پائلٹوں نے سچ ثابت کر دکھایا اور دنیا کی سب سے بڑی فضائی ڈوگ فائٹ میں اُس وقت کرشمہ رونما ہوا جب پاکستان کے PL-15 میزائل سے لیس چینی ساختہ J-10C طیاروں نے بھارت کے فرانسیسی ساختہ مہنگے رافیل طیاروں کو پلک جھپکتے ہی مار گرایا اور پاک فضائیہ کی کارکردگی ہر پاکستانی کیلئے باعث فخر بن گئی۔

چین کی طرف سے پاکستان کیلئے J-10C اور PL-15 میزائل ایک اسٹرٹیجک تحفہ تھا جس کی بدولت چین نے پاکستان کی مدد سے نہ صرف ایک ہزار سالہ مغربی فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کی بالادستی کا جنازہ نکال دیا بلکہ پاکستان نے علاقائی توازن بدل کر بھارتی بالادستی کا خواب چکنا چور کردیا تاہم معرکہ حق میں منہ کی کھانے کے باوجود بھارت کے جنگی جنون میں کوئی کمی دکھائی نہیں دیتی۔ فرانس سے 35ارب ڈالر مالیت کے مزید 114رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کا فیصلہ اس کے بڑھتے ہوئے دفاعی عزائم اور خطے میں طاقت کے عدم توازن کو مزید ہوا دینے کا باعث بن سکتا ہے۔ایسے حالات میں پاکستان کو بھی اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید جدید، مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے سرمایہ کاری بڑھانی چاہیے۔ جدید ٹیکنالوجی، مضبوط فضائی دفاع اور خود انحصاری پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین