جب شینژو 24(Shenzhou-24) جیو چوان سے فضا میں بلند ہوگا،تو وہ پاکستان کے قومی خلائی پروگرام کے تحت مدار میں بھیجا جانیوالا پہلا خلا باز اپنے ہمراہ لیجا رہا ہوگا۔ وہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات انجام دیگا اور چین کے تیانگون خلائی اسٹیشن کا پہلا بین الاقوامی مہمان بننےجا رہاہے۔ پاکستانی سائنسدانوں کی جانب سے سونیانی سے ساؤنڈ نگ راکٹ داغے جانے کے چھ دہائیوں سے زائد عرصے بعد، ایک پاکستانی خلاباز مدار میں سائنسی تحقیق کے عمل میں حصہ لیگا۔ یہ ہمارے ملک کیلئے ایک نہایت باوقار لمحہ اور چین کیساتھ ہماری شراکت داری کا ایک نیا باب ہوگا۔ پرواز کے بعد ہم جو اقدامات کرینگے، وہی اس بات کا تعین کرینگے کہ اس سے خلائی سائنس میں پاکستان کا مقام کس حد تک بدلتا ہے۔جون 1962ءکو رہبر اول، سونیانی سے خلا میں روانہ ہوا، جس نے پاکستان کو ایشیا کے ان ابتدائی ممالک میں شامل کر دیا جنہوں نے ساؤنڈ نگ راکٹ لانچ کیا۔ خلائی دور کو ابھی بمشکل پانچ برس ہوئے تھے اور ہمارے سائنسدان بالائی فضا کا کھوج لگا رہے تھے۔ ایک ایسے شعبے میں قدم رکھنے کیلئے ہمارے پاس صلاحیت بھی موجود تھی اور عزم بھی، جو ابھی تشکیل پا رہا تھا۔ تاہم، وقت گزرنے کیساتھ ہم وہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے۔ ہمارے سائنسدان اور انجینئرز کام کرتے رہے، مگر پاکستان ایسی مستقل سرمایہ کاری اور تسلسل برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار رہا جس کے باعث ایک مشن کے بعد دوسرا مشن آگے بڑھتا ہے۔ دیگر ممالک آگے نکل گئے۔تاہم وژن 2025 ءکے تحت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کے خلائی پروگرام کیلئے وفاقی سرپرستی کی تجدید کی اور اسے ملک کی ترقیاتی ضروریات سے جوڑا۔ 2016ءمیں سپارکو اور چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کے درمیان پاکستان کے پہلے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ پی آر ایس ایس ون (1-PRSS) کی تیاری اور لانچنگ کا معاہدہ طے پایا۔ جولائی 2018میں یہ جیوچوان سے سپارکو کے انجینئرز کے تیار کردہ ٹیکنا لوجی ایویلیوایشن سیٹلائٹ پاک ٹیس ون اے کے ہمراہ خلا میں روانہ ہوا۔اگلے ہی مہینے پی آر ایس ایس ون کا کنٹرول پاکستان میں قائم گراؤنڈ اسٹیشنز کو منتقل کر دیا گیا۔ ہماری ٹیمیں اپنے ہی وطن سے سیٹلائٹ آپریٹ کر سکتی تھیں اور سرکاری اداروں کو اراضی کی نقشہ سازی، آبی وسائل کے انتظام اور انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی کے لیے معلومات کا نیا ذریعہ میسر آیا۔
مئی 2024ءمیں پاک سیٹ ایم ایم ون کامیابی سے لانچ کیا گیا۔ پاک سیٹ ایم ایم ون ملک میں اپنی متنوع کمیونیکیشن خدمات کے ذریعے وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن میں براہ راست اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔2017ءمیں ہم نے قومی تحقیقی مراکز کے ایک نیٹ ورک پر بھی کام شروع کیا، جس میں وہ ادارہ بھی شامل تھا جو بعد ازاں نیشنل سینٹر آف جی آئی ایس اینڈ اسپیس اپلیکیشنز بنا۔ ہم چاہتے تھے کہ جامعات کے محققین اور طلبہ سیٹلائٹ مشاہدات کو عملی وسائل میںڈھالنے میں مدد دیں۔پاکستان نے 2025 ءاور 2026ءمیں زمین کا مشاہدہ کرنیوالے پانچ سیٹلائٹس لانچ کیے۔ ان میں سے تین الیکٹرو آپٹیکل سینسرز کے حامل ہیں، ایک ریڈار سے لیس ہے اور ایک ہائپر اسپیکٹرل امیجنگ استعمال کرتا ہے۔ یہ آلات ہمیں ایک ہی خطے کے مطالعے کے مختلف ذرائع فراہم کرتے ہیں۔ جب مون سون کے بادل آپٹیکل تصویر کو دھندلا دیں تو ریڈار سیلابی پانی کی نقشہ سازی کر سکتا ہے۔ ہائپر اسپیکٹرل ڈیٹا فصلوں کو لاحق خطرات یا دباؤ کی علامات کی نشاندہی میں مدد دے سکتا ہے تاکہ فیلڈ ٹیمیں ان کا جائزہ لے سکیں۔ 2024 ءمیں پاکستان کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کردہ آئی کیوب قمر چین کے چینگ ای 6مشن کے ذریعے چاند تک گیا۔ اس سے پاکستانی ٹیموں کو قمری کھوج کیلئے خلائی جہاز بنانے کا تجربہ حاصل ہوا۔فروری 2025ءمیں چین کیساتھ طے پانیوالے معاہدے کے تحت محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے تیانگون پر خدمات انجام دینے کے موقع کیلئے تربیت حاصل کی۔ اگلا موقع یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی محققین کو مدار کیلئے تجربات ڈیزائن کرنے، پروازکیلئے آلات جانچنے اور نتائج کے تجزیے میں شامل کیا جائے۔ مدار میں مختصر قیام زمین پر برسوں کے سائنسی کام کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔نارووال میں ورلڈ اسپیس ویک کے موقع پر میں نے 2035 تک چاند پر اترنے کے پاکستان کے عزم کا خاکہ پیش کیا تھا۔ اس ہدف کے حصول کا ایک عملی راستہ موجود ہے۔ سپارکو چین کے چینگ ای-8 مشن کیلئے ایک روور تیار کر رہا ہے، جو فی الحال 2028 کیلئے متوقع ہے، تاکہ چاند کے قطب جنوبی کے قریب کھوج لگائی جا سکے۔ اس سے ہماری ٹیموں کو قمری سطح کیلئے آلات ڈیزائن کرنے، کٹھن حالات کیلئے سازوسامان جانچنے اور زمین سے اسے چلانے کا تجربہ مل سکتا ہے۔ 2035 تک ہمارا عزم یہ ہے کہ ان مہارتوں کو ایک ایسے پاکستانی قمری لینڈنگ مشن میں یکجا کیا جائے جس کا واضح سائنسی مقصد ہو اور اس کے ڈیزائن و آپریشن میں نمایاں قومی ذمہ داری شامل ہو۔اُڑان پاکستان ابھرتے ہوئے علوم میں صلاحیت پیدا کرنے کواعلیٰ ترجیح دیتا ہے۔ خلائی شعبہ ان میدانوں کو یکجا کرتا ہے جن میں پاکستان کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، جن میں پریسیژن الیکٹرانکس، آپٹکس، جدید میٹریلز اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) شامل ہیں۔ سرکاری مشنز مقامی فرموں کو یہ موقع دے سکتے ہیں کہ وہ مخصوص پرزہ جات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے آگے آئیں۔ جو کمپنی سپارکو کیلئے کوئی آلہ بناتی اور جانچتی ہے، اسے ایسا ریکارڈ ملتا ہے جسے وہ بیرون ملک گاہک کے سامنے پیش کر سکتی ہے۔ ہمیں مشنز کے ایک تسلسل پر مبنی پروگرام کی ضرورت ہے جو تحقیقی ٹیموں کو ایک لانچ سے سیکھنے اور اگلے کی تیاری کا وقت دے۔جامعات کو یہ صلاحیت ملنی چاہیے کہ وہ آلات اور تجربات کرنے کیلئے مقابلہ کر سکیں، اور انہیں ٹیسٹنگ سہولیات اور تکنیکی معاونت تک رسائی حاصل ہو۔
میں نارووال اور ملک بھر کے ان بچوں کے بارے میں سوچتا ہوں جو اس پرواز کو دیکھیں گے۔ اگلی صبح جب وہ اسکول واپس جائیں توکوئی استاد پوچھ سکتا ہے کہ خلا باز تیرتے ہوئے کیوں دکھائی دیتے ہیں۔ کوئی کلاس سیلاب سے پہلے اور بعد میں کسی دریا کی سیٹلائٹ تصاویر کا موازنہ کر سکتی ہے۔ جب 2047 میں پاکستان اپنی صد سالہ تقریبات منائے گا، تو ان میں سے بعض بچے خود آلات ڈیزائن کر رہے ہوں گے، تحقیقی ٹیموں کی قیادت کر رہے ہوں گے اور اپنے مشنز کی منصوبہ بندی کر رہے ہوں گے۔ مجھے امید ہے کہ انہیں شینزو -24 اس پرواز کے طور پر یاد رہے گا جس نے انہیں خلائی سائنس میں اپنے لیے ایک مقام دیکھنے کے قابل بنایا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں وہ کلاس رومز، لیبارٹریز اور مواقع فراہم کریں جو اس عزم کو انکے پہلے تجربے سے لیکر چاند کی سطح پر کسی پاکستانی مشن تک پہنچا سکیں۔