• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں پاکستان دشمنی کا موسم بدل ڈالا۔ ہفتے کے روز بھارتی دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے یا سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں اپنے خوبصورت خطاب کے ذریعے بھارت کی سیاسی اور سماجی فضا میں رچی بسی پاکستان دشمنی کے باوجود محفل میں خوشگواری کی خوشبو بکھیر کر جس طرح دلوں کو فتح کیا اور بھارت کے تاریخی مسلم ورثے کی قدر و منزلت واضح کی وہ بلاشبہ حیرت انگیز اور سفارتی سطح پر پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ بیرون ملک خطابات میںپاکستانی رہنما اور سفارتکار بالعموم انگریزی زبان کا انتخاب کرتے ہیں جبکہ یہ طرزِعمل دراصل ذہنی غلامی کی عکاسی کرتا ہے تاہم مصدق ملک نے ایسا نہیں کیا۔اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوے انہوں نے کہا’’بڑا عجیب سا لگا کہ غالب کے مقبرے سے چند کوس دور بیٹھ کر انگریزی میں بات کروں۔جی میں یہی سمایا کہ آج آپ سے اپنے دل کی بات اپنی زبان اردو میں کروں‘‘ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا’ ’اور کیسی عجیب سی بات ہے کہ غالب، جن کے دادا حضور سمر قند سے تشریف لائے تھے ، یہاں نظام الدین میں آپ کے پہلو میں ان کی تدفین ہے ، اور غالب جو اپنے آپ کو فارسی کا بہت بڑا شاعر جانتے تھے ، ان کو پوری دنیا اردو کی وجہ سے پہچانتی ہے آج۔اور دلّی کا آپ مزاح دیکھیے کہ غالب فارسی، فارسی کرتے رہے ، اور دلی نے کہا کہ ’’ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے ، کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیاں اور۔‘ ‘ مصدق ملک نے واضح کیا کہ ہندوستان کے لوگوں پر مسلم تہذیب ، ادب اور شاعری کے ایسے احسانات ہیںجو ان کے ملک کو عالمی سطح پر امتیازی شان عطا کرتے ہیں۔ مقام اجتماع سے غالب کے مقبرے کی قربت کو حوالہ بناکر انہوں نے بڑی خوبصورتی کیساتھ بھارت پر مسلم تہذیب و ثقافت کے نہایت مثبت اثرات اور اسے بھارت کیلئے باعث فخر ثابت کرنے کا ہدف حاصل کیا۔ان کا کہنا تھا’ ’آوازیں تو بہت سی ہیں، بہت سے شعرا ہیں، دلّی تو گڑھ رہا ہے شاعری کا۔ لکھنؤ بھی، دلّی بھی، لاہور بھی، یہ تو گڑھ ہیں شاعری کے ، ادب کے ، تہذیب کے مگر غالب کا ہے اندازِ بیاں اور‘‘۔پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا کر مشتعل کرنیکی کوشش کی گئی تو انہوں نے نہایت تحمل کیساتھ مشترکہ شفاف تحقیقات کی پیشکش کرکے فتنہ انگیزی کے غبارے سے ہوا نکال دی۔

مصدق ملک نے سامعین کے دل جس طرح جیتے اس کا بھرپور اظہار بھارت کے سوشل میڈیا پر ہوا۔انکت کمار اوستھی ایکس پر لکھتے ہیں کہ ’ایس سی او سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کیلئے نئی دہلی آنیوالے پاکستان کے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے غالب ڈپلومیسی کی ایک جھلک دکھائی ہے۔راجیش شکلا نامی صارف مصدق ملک کی جانب سے ’دہلی، لکھنؤ اور لاہور، کو شاعری و ثقافت‘ کے مراکز کہنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’غالب کے شہر دہلی میں آپ کی دل موہ لینے والی تقریر سن کر بے اختیار داد دینی پڑتی ہے۔ ‘ تاہم حکمراںبھارتیہ جنتا پارٹی نے پاکستان کو اس فورم میں مدعو کرکے جہاں کشادہ دلی کا ثبوت دیاوہیں اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے غیر متوقع طور پر متعصبانہ رویے کا اظہار ہوا ۔ کانفرنس کے آغاز سے قبل کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ ’مودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کے وزیر مصدق ملک انڈیا آ گئے ہیں۔’مصدق انڈیا کو مسلسل دھمکاتے رہے ہیں۔ کبھی ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی خون بہانے کی۔’ایک طرف پاکستان ہمارے ملک میں دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہا ہے ، انڈین شہریوں کو مار رہا ہے ، دوسری جانب مودی حکومت انڈیا سے نفرت کرنے والے پاکستانی وزیر کی آؤ بھگت میں لگی ہے۔ بریانی اور کباب کھلانے کی تیاری ہے۔’جب تک پاکستان دہشت گردی پوری طرح ختم نہیں کرتا، اس سے کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے۔ یہ ملک اور اس کے شہریوں کیساتھ غداری ہے۔‘‘ کانگریس کا یہ رویہ یقیناََ افسوسناک ہے۔ آر ایس ایس کے نسل پرستانہ اور متعصبانہ مسلم دشمن ہندوتوا فلسفے کی حامی بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقابلے میں کانگریس کوعموماً معقولیت پسند اور کشادہ دل سیاسی جماعت سمجھا جاتا ہے۔اس کے لیڈر بی جے پی کی تنگ دلانہ سوچ کے سخت ناقد رہے ہیں۔لیکن لگتا ہے کہ پاکستان کیخلاف بھارت میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے بے بنیاد اور بلاثبوت الزامات دہرا کر کانگریس ہندو اکثریت کے ووٹ لینے کی خاطر بی جے پی کے طرز سیاست کواپنا رہی ہے ۔بھارتی تجزیہ کار اندرانی باگچی کے بقول ’’کانگریس وہی کر رہی ہے جو کبھی بھارتیہ جنتا پارٹی اس کے ساتھ کیا کرتی تھی۔ اس سے دونوں سیاسی جماعتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ‘کچھ دنوں میں ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں تو اس طرح کے بیانات میں مزید شدت آئے گی۔ یہ ہماری سیاست کا ایک منفی پہلوہے۔‘‘ تاہم مودی حکومت نے ڈائیلاگ میں پاکستان کو مدعو کرنے کا دفاع کیا ہے۔انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ ’ سولائزیشنل ڈائیلاگ ایس سی او کے تحت ایک کثیرالملکی فورم ہے ، جس میں تمام رکن ممالک، مبصر ریاستوں اور ڈائیلاگ پارٹنرز کو مدعو کیا گیا ہے۔‘‘ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بی جے پی کے رویے میں ممکن ہے کہ آنیوالے دنوں میں کچھ مزید مثبت تبدیلی دکھائی دے اور یہ تبدیلی ہی اس کیلئے بہتر انتخابی نتائج کا سبب بن جائے کیونکہ معرکہ مئی کے بعد میدان جنگ میں پاکستان کیخلاف فتح کا بھارتی خواب بکھر چکا ہے اور بھارتی عوام بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے خطے میں امن کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہوگئے ہیں لہٰذا پاکستان دشمن نعرے پہلے کی طرح ا نکی حمایت کے حصول کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔

تازہ ترین