• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں اب تک تین ریفرنڈم ہوئے اور چوتھی بار ریفرنڈم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے ۔اگراس کا کریڈٹ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو دیا جائے بےجا نہ ہوگا۔ ایوب خان چمنستان سیاست سے تن آور درخت کاٹ کر فوجی کنٹرول شیڈ کے گملوں میں ایک نئی نرسری اُگانا چاہتے ہیں ،اسلیئے انہوں نے 7اگست 1959ء کو Elective Bodies (Disqualification) Orderجاری کیا ۔ ہر فوجی ڈکٹیٹر کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ آمریت پر جمہوریت کی ملمع کاری کرنے کیلئے جتنی جلد ممکن ہو،شیروانی پہن لی جائے اور کوئی ایسا متبادل نظام متعارف کروایا جائے کہ مارشل لا کو سویلین بہروپ میسر آسکے ۔ایوب خان نے ’’بیورو آف نیشنل ری کنسٹرکشن‘‘کے نام سے ایک ادارہ بنا کر اسے متبادل سیاسی نظام تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔دیگر ڈکٹیٹرز کی طرح ایوب خان کو بھی یقین تھا کہ عوام ابھی تک سیاسی طور پراتنے بالغ نظر نہیںکہ بالغ رائے دہی کے ذریعے براہ راست اپنی قیادت کا انتخاب کرسکیں ،چنانچہ انہیںبنیادی جمہوریت سے روشناس کروایا جائے۔ بنیادی جمہوریت کے اس نظام کے تحت مشرقی اور مغربی پاکستان کو 8ہزار اکائیوں میں تقسیم کیا گیا اور ہر اکائی کو بالغ رائے دہی کی بنیاد پر 10ارکان منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا۔ فوجی انقلاب کی پہلی سالگرہ کے موقع پر 27اکتوبر1959ء کو بیسک ڈیموکریسی آرڈیننس جاری ہوا تو بی ڈی ممبر منتخب کرنے کا اعلان کردیا گیا ۔مشرقی اور مغربی پاکستان سے 40،40ہزار بی ڈی ممبر منتخب ہونا تھے اور بعد ازاں انہی بی ڈی ممبرز پر مشتمل الیکٹورل کالج نے نہ صرف صدر کو منتخب کرنا تھا بلکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا انتخاب بھی براہ راست عوام کے بجائے انہی بی ڈی ممبر ز کے ذریعے ہونا تھا۔جنوری 1960ء میں بی ڈی ممبرز کا انتخاب ہوا۔ ایوب خان کے وزیر منظور قادر نے تجویز دی کہ لگے ہاتھوں ان بی ڈی ممبرز سے اعتماد کا ووٹ لیکر آپ منتخب صدر بن جائیں ۔چنانچہ ایوب خان کے عہدہ صدارت پر مہر تصدیق ثبت کروانے کیلئے انتخاب کے بجائے استصواب رائے یا ریفرنڈم کی تیاریاں ہونے لگیں ۔اب یہ مسئلہ اُٹھ کھڑا ہوا کہ ریفرنڈم میں سوال کیا پوچھا جائے۔ منظور قادر نے تجویز دی کہ سادہ اور آسان فہم سوال ہونا چاہئے ۔چنانچہ بیلٹ پیپر پر لکھا گیا کہ’’ کیا آپ کو صدر فیلڈ مارشل محمد ایوب خان ،ہلال پاکستان ،ہلال جرات پر اعتماد ہے؟‘‘ 15فروری 1960ء کو ریفرنڈم ہوا تو ایوب خان 95فیصد ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ۔قدرت اللہ شہاب اپنی تصنیف ’’شہاب نامہ‘‘ کے صفحہ نمبر599,600پر لکھتے ہیں ’’استصواب رائے کا نتیجہ مجھے آدھی رات کے بعد معلوم ہوا ۔اسوقت صدر ایوب سوچکے تھے ۔اگلے روز صبح سویرے ان کے پاس گیا تو وہ بیگم ایوب کے ساتھ بیٹھے ناشتہ کر رہے تھے ،جب میں نے انہیں بتایا کہ ان کے حق میں 75223ووٹ ڈالے گئے ہیں جو مجموعی تعداد کا 95.6فیصد ہیں تو انہوں نے فوراً کاغذ پنسل لیکر 80000میں سے 75283کا ہندسہ تفریق کیا اور کسی قدر مایوسی سے بولے ۔بلکہ یوں کہو کہ 4717ووٹ میرے خلاف بھی پڑے ہیں۔ان کے اس ردعمل سے مجھے افسوس ہوا کہ وہ اپنے دل کے نہاں خانے میں اُمید کا چراغ جلائے بیٹھے تھے کہ اس ریفرنڈم میں انہیں سو فیصد ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوگی ۔غالباً یہ خوش فہمی ان کی فوجی تربیت کا نتیجہ تھی جہاںکمانڈر کے ایک اشارے پر پوری پلٹن کی پلٹن بے چون و چرا ’’فال اِن‘‘ ہو جاتی ہے۔‘‘اس ریفرنڈم کے دو دن بعد 17فروری1960ء کو جنرل ایوب خان نے ایک بار پھر صدارت کا حلف اُٹھایا کیونکہ ان کے خیال میں اب وہ منتخب صدر کا درجہ پا چکے تھے۔سینئرقانون دان سید سمیع احمد اپنی کتاب ’’پاکستان کا سیاسی ارتقاء اور فوج کاکردار‘‘کے صفحہ نمبر254پر ریفرنڈم کی حقیقت طشت ازبام کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’ایوب خان پر اعتماد کا اظہار کرنے والی 95.6فیصد اکثریت حقیقی نہیں تھی،اس استصواب میں غلام،شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادارثابت ہوئے تھے۔بی ڈی ارکان کا استصواب میں ٹرن آئوٹ خاصا حوصلہ افزا تھا لیکن جو ارکا ن ووٹ ڈالنے نہ آسکے،انہیں بھی پولنگ اسٹیشنوں پہ موجود دکھایا گیااور 95.6 فیصد کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بیلٹ بکسوں کو ان غیر حاضر ارکان کے ووٹوں سے بھراگیا۔‘‘

جب بھٹو کے خلاف پاکستان قومی اتحاد کی تحریک چل رہی تھی تو دھاندلی کے الزامات کے تناظر میں دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا تھا ۔ کسی مصاحب نے مشورہ دیا کہ آپ ریفرنڈم کے ذریعے براہ راست عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں ۔تب تک 1973ء کے آئین میں چھ ترامیم ہوچکی تھیں چنانچہ 16مئی 1977ء کو پارلیمنٹ سے ساتویں آئینی ترمیم کا مسودہ منظور کروایا گیا جس میں یہ گنجائش رکھی گئی کہ اگر وزیراعظم براہ راست عوام سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو صدر مملکت کو ریفرنڈم کمیشن بنانے اور ریفرنڈم کروانے کا کہہ سکتے ہیں ۔مگر وقت نے مہلت نہ دی اور اس آئینی ترمیم کی منظوری کے محض چند ہفتوں بعد ضیاالحق نے عنان اقتدار پر قبضہ کرلیا ۔یوں یہ ریفرنڈم نہ ہوسکا البتہ اس آئینی ترمیم کا فائدہ جنرل ضیاالحق نے اُٹھایا اور19دسمبر 1984ء کو ریفرنڈم کروایا جس میں پوچھا گیا کہ کیا آپ موجودہ قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ عمل جاری رہے ؟اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو جنرل ضیاالحق منصب صدارت پر متمکن رہیں گے ۔اسی آئینی ترمیم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے 30اپریل 2002ء کو جنرل پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کی توثیق کیلئے ریفرنڈم کروایا۔ضیاالحق اور پرویز مشرف کے کئی قریبی ساتھی اس حقیقت کا اعتراف کرچکے ہیں کہ یہ دونوں ریفرنڈم بوگس اور جعلی تھے۔بعد ازاں ریفرنڈم سے متعلق شق میں یہ ترمیم کردی گئی کہ قومی اہمیت کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کروایا جاسکتا ہے چنانچہ اب ذوالفقار علی بھٹو کی متعارف کروائی ہوئی ساتویں آئینی ترمیم کی بدولت چوتھی بار ریفرنڈم کروایا جارہا ہے کیا اب بھی آپ کو بھٹو کے زندہ ہونے پر کوئی شک ہے؟

تازہ ترین