چین کے ایک چڑیا گھر میں موجود 19 سالہ تیندوا اپنے غیر معمولی وزن کے باعث سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر رہا ہے، جبکہ اس کی دیکھ بھال کرنے والے چڑیا گھر نے اب اس کا وزن کم کرنے کی کوششیں ترک کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پان باؤ باؤ نامی یہ تیندوا جنوب مغربی چین کے شہر پانژیہوا کے چڑیا گھر میں کئی برس سے موجود ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتے کی جسامت ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم زوٹوپیا کے بھاری بھرکم چیتے آفیسر کلاوہاؤزر سے حیرت انگیز مشابہت رکھتی ہے۔
اپنے غیرمعمولی حجم کے باعث باؤ باؤ چڑیا گھر آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
یہ تیندوا پہلی مرتبہ 2024ء میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس کے بعد یہ چین بھر میں چڑیا گھر کی پہچان بن گیا۔
رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ نے اس کی خوراک کے معمول میں تبدیلی کرتے ہوئے وزن کم کرنے کی کوشش شروع کی، تاہم ماہرین سے مشاورت کے بعد انتظامیہ نے جلد ہی یہ منصوبہ ترک کر دیا۔
چڑیا گھر کے نگراں عملے کے مطابق باؤ باؤ کی عمر زیادہ ہونے کے باعث اب اس کا وزن کم کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنا مناسب نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب ان کی بنیادی ترجیح تیندوے کا موجودہ وزن برقرار رکھنے کے ساتھ اس کی مجموعی صحت کا خیال رکھنا ہے، عملے کے مطابق حالیہ طبی معائنے میں بھی اس کی صحت تسلی بخش پائی گئی۔
باؤ باؤ کی روزانہ خوراک میں نصف کلو گائے کا گوشت اور مرغی کا ایک حصہ شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد چڑیا گھر انتظامیہ نے اس کے پنجرے کا رقبہ دگُنا کر دیا ہے، تاکہ اسے چلنے پھرنے، ٹانگیں پھیلانے اور اپنے مداحوں کی توجہ سے لطف اندوز ہونے کے لیے زیادہ جگہ میسر آ سکے۔