قارئین! نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث سے پیدا ہونیوالی سیاسی گرما گرمی کے پس منظر میںایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ہونیوالی ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کے حالات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ 28ویںآئینی ترمیم کو اتفاق رائے سے آگے بڑھانے اور تمام سیاسی وقومی معاملات کو بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع یہ عزم بھی دہرایا گیا کہ ماضی کی آئینی ترامیم کی طرح اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر پیش رفت کی جائیگی۔ میرے خیال میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے لی جانی چاہیے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں ہوں تو صوبے بنا دینے چاہئیں۔ آئین میں ریفرنڈم سے متعلق شق موجود ہے اور قومی اہمیت یا عوامی دلچسپی کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے اور صوبوں کی بحث کیلئے سیاستدانوں کو اپنے خول سے باہر نکلنا ہوگا۔ خون خرابے کی باتیں کرنے کے بجائے قومی سوچ اپنانی چاہیے۔ دنیا میں نئے صوبے بنتے رہے ہیں، کوئی صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی بحث اگرچہ عرصے سے جاری تھی، تاہم اس میں شدت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ان بیانات کے بعد آئی جن میں انہوں نے سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے نتیجے میں خون خرابے کے خدشات ظاہر کئے تھے۔ ریفرنڈم کی تجویز سامنے آئی تو پیپلز پارٹی کی جانب سے اسکی بھی شدید مخالفت کی گئی۔ یوں ایک اہم انتظامی معاملہ سیاسی اختلافات کا مرکز بن گیا۔ اس صورتحال میں بنیادی سوال یہ ہے کہ چھوٹے صوبوں کا معاملہ اب کہاں کھڑا ہے اور اس کا قابلِ قبول، جمہوری اور آئینی حل کیا ہو سکتا ہے؟پاکستان کی بڑھتی آبادی، انتظامی پیچیدگیوں اور عوامی ضروریات نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو پہلے سے زیادہ اہم بنا دیا ہے۔ ملک کے بعض صوبے آبادی اور رقبے کے لحاظ سے اتنے بڑے ہیں کہ ایک ہی دارالحکومت سے تمام علاقوں کے مسائل موثر انداز میں حل کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معمولی سرکاری امور کیلئے بھی طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔ وسائل کی غیر مساوی تقسیم، اختیارات کا ارتکاز اور ترقیاتی سہولتوں کا فقدان عوامی شکایات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ نئے صوبوں کے حامی اسی بنیاد پر ان کے قیام کو محض سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ انتظامی ضرورت قرار دیتے ہیں۔ ریفرنڈم کے حامیوں کامؤقف ہے کہ اس اہم سوال پر عوام سے براہِ راست رائے لی جانی چاہیے۔ اگر وہ نئی انتظامی اکائیوں کے حق میں ہوں تو اس رائے کواہمیت ملنی چاہیے۔ منتخب نمائندے عوام کی ترجمانی کرتے ہیں، تاہم کسی معاملے پر عوام کے براہِ راست اظہارِ رائے کو نمائندوں کی رائے پر جمہوری اور اخلاقی فوقیت حاصل ہوتی ہے۔اس حوالے سے یہ اصول بھی اہم ہے کہ ہر صوبے کے مستقبل سے متعلق اس کے اپنے عوام کی رائے کو بنیادی حیثیت دی جائے۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے انتظامی تقاضے مختلف ہو سکتے ہیں۔ کسی ایک صوبے کی خواہش دوسرے صوبے پر مسلط نہیں کی جانی چاہیے۔سندھ کی مثال سامنے رکھی جائے تو 1973کے بعد اسکی انتظامی تقسیم میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ ڈویژنوں اور اضلاع کی تعداد میں اضافے کا بنیادی مقصد انتظامی امور کو زیادہ مؤثر بنانا تھا۔ نئے صوبوں کے حامی سوال اٹھاتے ہیں کہ اگر انتظامی سہولت کیلئے اضلاع اور ڈویژنوں کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے تو صوبائی سطح پر نئی اکائیوں کے قیام کے امکان پر سنجیدہ غور کیوں نہیں کیا جا سکتا؟ انتظامی اصلاحات کے حامیوں کے دلائل بھی سنجیدہ توجہ کے مستحق ہیں۔نئے صوبوں کے قیام کے حامی یہ دلیل بھی دیتے ہیں کہ چھوٹی انتظامی اکائیاں عوامی خدمت، بہتر کارکردگی، مقامی قیادت اور جمہوری شرکت کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔ تاہم اس کیلئے ضروری ہوگا کہ اختیارات صرف ایک صوبائی دارالحکومت سے دوسرے دارالحکومت منتقل نہ ہوں بلکہ مؤثر بلدیاتی نظام کے ذریعے نچلی سطح تک پہنچیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انتظامی اخراجات کا حقیقت پسندانہ جائزہ بھی اس عمل کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔چھوٹے صوبوں کا معاملہ اس وقت سیاسی اختلافات، انتظامی ضروریات اور آئینی تقاضوں کے سنگم پر کھڑا ہے۔ اس بحث کو محض نعروں تک محدود رکھنے کے بجائے سنجیدہ قومی مکالمے کی ضرورت ہے۔یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ مفید نئے صوبے وہی ہوں گے جن کا سائز آبادی اور معاشی بنیاد کے مطابق ہو اور اس کیساتھ لازم ہے کہ منتخب مقامی حکومتوں کو تعلیم، بنیادی صحت، پانی، نکاسی اور مقامی سڑکوں کی واضح ذمہ داری، صوبائی مالیاتی کمیشن کا لازمی حصہ، براہِ راست انتخابات اور عملے اور بجٹ پر اختیار دیا جائے۔ اگر نئے صوبائی دارالحکومت پرانے دارالحکومتوں کی طرح اختیارات اپنے پاس رکھ لیں تو نتیجہ وہی نکلے گا بس ایک اور طاقت کا مرکز بن جائے گا۔قارئین کرام!سوال یہ نہیں کہ ہم نئے صوبوں کا خرچ برداشت کرسکتے ہیں یا نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ ہم موجودہ ڈھانچے کا خرچ مزید کتنی دیر برداشت کرسکتے ہیں۔ جو نظام وسائل منتقل کرے مگر نتائج نہ دے، جو اختیار مرکز میں سمیٹ لے مگر خدمات کا بوجھ نچلی سطح پر چھوڑ دے اور جو غربت بڑھتی دیکھ کر بھی اپنی ساخت پر نظرثانی نہ کرے تو اس کا ہر سال کا خرچ کسی بھی نئے انتظام سے زیادہ مہنگا ہوتا ہے۔ ہر مجوزہ صوبے کی لاگت پہلے سے لگالیں، مقامی خودمختاری کو شروع ہی سے آئینی تحفظ دیجیے اور اصلاح کا فیصلہ اس بنیاد پر کیجئے کہ محروم اضلاع کو خدمات، سرمایہ کاری اور جواب دہی میں کیا ملتا ہے؟ اگر یہ پیمانہ اپنا لیا جائے تو فیصلہ کرنا مشکل نہیں رہے گا۔