یوٹیوب کی ایک دلچسپ اپ ڈیٹ آئی ہے۔ویسے تو جب کوئی یوٹیوب پر ایک بار وڈیو دیکھتاہے تو یوٹیوب کا الگورتھم اسے ایک ویو شمار کرتاہے لیکن رواں مہینے یعنی نومبر2026ءسے یہ خوشخبری سنائی گئی ہے کہ اگر کوئی صارف موبائل کی بجائے اسمارٹ ٹی وی پر یوٹیوب کی وڈیو دیکھے گا تو جتنے لوگ وڈیو دیکھ رہے ہوں گے اُن سب کے ویوز شمار ہوں گے۔سادہ زبان میں کہیں تو اگر کوئی صارف گھر کے ٹی وی پر اپنے چار بچوں اور بیوی کے ہمراہ وڈیو دیکھ رہا ہوگا تو یوٹیوب اسے ایک کی بجائے چھ ویوز شمار کرے گا۔ میرا ماتھا ٹھنکا اور پوچھا کہ بھائی یہ ویوز آپ کیسے شمار کریں گے اور کیسے پتا چلے گا کہ کسی ٹی وی کے آگے کتنے لوگ بیٹھے ہیں، کیا اسمارٹ ٹی وی میں کوئی کیمرہ ٹائپ ڈیوائس منسلک ہے؟اس پر جواب ملا کہ نہیں، اس مقصد کے لیے کیمرہ، مائیکرو فون یا سینسر کااستعمال بالکل نہیں ہوگا بلکہ یوٹیوب Statisticalماڈل کا استعمال کرے گا یعنی ڈیٹا اور سگنلز کی بنیاد پراندازہ لگائے گا کہ ٹی وی کے سامنے کتنے لوگ بیٹھے ہیں۔میری تسلی نہ ہوئی تو پوچھا کہ یہ ڈیٹا کیسے حاصل کیا جاتاہے؟دوبارہ جواب ملا کہ گوگل ڈیموگرافک سروے کے ذریعے یہ نتائج اکٹھے کرتاہے جس طرح ٹی وی کی ریٹنگ طے کرنے کیلئے عالمی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔ بظاہرالفاظ کا یہ گورکھ دھندا صارف کو مطمئن کرنے کیلئے کافی ہے لیکن میں ابھی تک الجھن میں ہوں۔اگر ٹی وی کے آگے دس پُتلے رکھ دیے جائیں تو کیا گوگل انہیں بھی انسان شمار کرکے ان کے ویوز کاؤنٹ کرے گا؟ کبھی نہیں۔ گوگل اتنا بھولا نہیں۔ کچھ تو ہے جو ہمیں نہیں معلوم۔اگر کسی کو اس بارے میں معلوم ہو تو پلیز مجھے نہ بتائے۔میں پہلے ہی معلوم کرچکا ہوں۔
٭ ٭ ٭
اگر آپ ایک ایسی کتاب دیکھیں جس میں فراڈ کرنے کے طریقے لکھے ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ کتاب آپ کو فراڈیا بنانے کیلئے لکھی گئی ہے بلکہ یہ فراڈ کے طریقے آپ کی معلومات بڑھاتے ہیں تاکہ آپ محفوظ رہ سکیں۔لکھنے کا انداز دلچسپ بنانےکیلئے بعض اوقات ’ریورس انجینئرنگ‘ کرنا پڑ جاتی ہے۔ ’دریشم‘ فلم آپ میں سے اکثر نے دیکھی ہوگی بلکہ اب تو تیسرا سیکوئل بھی نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگیا ہے۔جن لوگوں نے یہ نہیں دیکھی انہیں بتاتا چلوں کہ یہ ایک فلمیں دیکھنے والے چوتھی فیل بندے ’وجے‘ کی کہانی ہے جس کی ایک بیوی اور بیٹی نہایت پرسکون زندگی گزار رہے ہیں لیکن ایک دن حادثاتی طور پر یہ فیملی ایک مصیبت میں پھنس جاتی ہے جس کے نتیجے میں ان سے ایک نوجوان قتل ہوجاتاہے۔ یہ نوجوان آئی جی کا بیٹا ہے اور اب پولیس پوری قوت سے ملزمان کو ٹریس کر رہی ہے۔وجے ٹریس بھی ہوجاتاہے لیکن فلمیں دیکھ دیکھ کر اسے نت نئے آئیڈیاز آتے رہتے ہیں لہٰذا وہ بچ نکلتاہے اورپولیس ثبوت نہ ہونے کے باعث سرپٹختی رہ جاتی ہے۔ نہ نوجوان کی باڈی ملتی ہے نہ وجے کو سزا۔ عام طور پر ہر کرائم مووی کے آخر میں مجرم پکڑا جاتاہے لیکن اس فلم میں مجرم صاف بچ نکلتاہے او ریہی بات دیکھنے والوں کو نئی لگتی ہے لہٰذا فلم نے بھرپور مقبولیت حاصل کی۔اب تک اس کے تین سیکوئل آچکے ہیں اور خاصے دلچسپ ہیں، وجے ابھی تک آزاد ہے اور پولیس والے ہرجگہ ناکام ہورہے ہیں۔ ہمارے ہاں بھی یوٹیوب پر جو کرائم شو ز ہوتے ہیں ان میں ریٹائرڈ پولیس افسران اپنے کیسز سناتے ہیں۔مقصد یہی ہوتاہے کہ لوگوں کو باور کرایا جاسکے کہ جرم کرنے والا کبھی نہ کبھی پکڑا ضرور جاتاہے۔ لیکن اِس کے اُلٹ ہو رہاہے۔ لوگ ان شوز سے آئیڈیاز لیتے ہیں اور پھر اس میں ترمیم کرکے خود کوئی جرم کرگزرتے ہیں۔ ان کرائم شوز کی وجہ سے اب ہر بندے کو پتا ہے کہ پولیس موبائل لوکیشن کیسے ٹریس کرتی ہے،پوسٹ مارٹم میں کون کون سی چیز کی نشاندہی ہوجاتی ہے، سی ڈی آر سے لنکرز تک کیسے پہنچا جاتاہے، مخبر کیسے کام کرتے ہیں اور تفتیش میں کہاں کہاں پولیس صرف ڈراوا دیتی ہے۔ان شوز کی بدولت عام لوگوں کو بھی یہ پتا چل رہاہے کہ پولیس کوکیسے چکمہ دیا جاسکتاہے۔مجھے لگتاہے کہ ان شوز کی وجہ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکا ر خود پولیس کا کام مشکل بنارہے ہیں۔جب یہ بتاتے ہیں کہ فلاں کیس میں ہم نے مجرم کو پکڑنےکیلئے فلاں فلاں طریقہ اختیار کیا تو مجرمانہ ذہن رکھنے والا کوئی بھی بندہ سمجھ جاتاہے کہ آئندہ جب جرم کرنا ہے تو یہ غلطی نہیں دہرانی۔کچھ چیزیں پوشیدہ ہی رہیں تو زیادہ بہتر ہوتی ہیں۔
انٹیلی جنس ایجنسیاں کبھی اپنا طریقہ کار نہیں بتاتیں۔جب طریقہ کار ہی بتا دیا تو باقی رہ کیا گیا۔یہ ریٹائرڈ حضرات بھول پن میں عام بندے کو سمجھا رہے ہیں کہ کہیں جرم کرنا ہو تو موبائل گھر رکھ جایا کرو تاکہ بعد میں لوکیشن ٹریس نہ ہوپائے۔یہ کرائم شوز چونکہ بہت زیادہ دیکھے جاتے ہیں لہٰذا یوٹیوب پر انکی بھرمار ہے۔ریٹائرڈ یوٹیوبرافسران اتنی مہربانی ضرور فرما رہے ہیں کہ یہ کیس کی تفصیل بتاتے وقت نام اور مقام نہیں بتاتے یا تبدیل کر دیتے ہیں۔لیکن اس سے کیا ہوتاہے۔جب ساری واردات کا بتا دیا اور یہ بھی بتا دیا کہ کس کس باریک چیز کو ٹریس کرتے ہوئے مجرم تک پہنچے تو پروگرام دیکھنے والا کوئی مجرم اسے اپنے لیے Informativeوڈیو سمجھ کرواردات کیلئےپورا گیان حاصل کرتاہے۔
آئی جی صاحبان سے گزارش ہے کہ ذرا اِن ریٹائرڈ افسران کے پروگرام دیکھیں اور خود فیصلہ کریں کہ کیا اس قسم کی معلومات یوں افشا کرنے کی اجازت ہے جہاں یہ تک بتایا جاتاہے کہ کہ لاش کہاں پھینکی جائے تو مجرم کو ڈھونڈنا مشکل ہوجاتاہے۔