• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُلربا سے نفرت شکن تک کے سفر میں مصدق ملک کا حساب زندگی یا کچا چٹھا میری آنکھوں کے سامنے ہے لگ بھگ45برس پہلے ایک پینڈو ایف سی کالج لاہور میں آ داخل ہوا توہر نئی خبر نئے واقعے اور نئی کہانی پر وہ حیرت زدہ ہو جاتا تھا، اکلوتا اور لاڈلا تھا اسلئے بزدلی اسکا خاصہ تھی کہ اسے باہر کی گرم ہوا تک لگنے نہیں دی گئی تھی۔ مصدق ملک، ایف سی کالج کا مشہور سورما اور لڑاکو تھا۔ بزدل کا ہیرو لڑاکو ہوتا ہے جیسے کنجوس کو سخی سب سے اچھے لگتے ہیں۔ پینڈو اور تو کالج میں کچھ نہ کر سکا البتہ ہم نصابی سرگرمیوں میں پیش پیش ہوتا تھا۔ ایف سی کے کالج میگزین ’’فولیو‘‘ کا ایڈیٹر بن کر پھولے نہ سماتا تھا مگر کالج کا ہیرو کوئی ادیب شاعر یا آرٹسٹ تھوڑی ہوتا ہے ،ہم سب کا ہیرو مصدق ملک تھا بظاہر ممی ڈیڈی کلاس سے تھا مگر لڑنے پر آجاتا تو چھکے چھڑا دیتا ۔ اس دورِ طالبعلمی میں جہاں لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سکہ چلتا تھا وہاں ڈاکٹر سعید الٰہی، انکے بھائی نوید الٰہی اور مصدق ملک کی کرنسی بھی چلتی تھی جیسے آجکل ڈالر کیساتھ ساتھ کرپٹو کو بھی تسلیم کیا گیا ہے اسی طرح جمعیت نے اپنے ساتھ ساتھ اس چھوٹے سے گروپ کے رجواڑے کو بھی تسلیم کر رکھا تھا۔ مصدق ملک سے کالج میں تعلق رشک اور شناسائی تک محدود رہا مگر پھر کرنا خدا کا کیا ہوا کہ نالائق پینڈو بی ایس سی میں فیل ہو گیا پرائیوٹ بی اے کا امتحان دیا اور اپنے انگریزی کے استاد آغا ضیاء الرحمٰن کی رہنمائی میں انگریزی زبان کے پرچے میں پوری پنجاب یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ویسے تو پینڈو کی سکینڈ ڈویژن تھی اور اسے یونیورسٹی میں ان نمبروں پر داخلہ ملنا مشکل تھا مگر یونیورسٹی میں انگریزی زبان میں پوزیشن لینے والوں کی دو نشستیں مخصوص تھیں اس طرح وہ شعبہ انگریزی میں داخل ہوکر رول نمبر2بن گیا۔ دوسری طرف اولڈ کیمپس میں شعبہ انگریزی کے عین سامنے شعبہ فارمیسی تھا۔ چند دنوں کے بعد پتہ چلا کہ لڑاکو مصدق ملک کا ڈنکا تو اولڈ کیمپس میں بھی بج رہا ہے اب پینڈوکی مصدق ملک سے شناسائی واقفیت میں بدل چکی تھی کہ دونوں ایکدوسرے کو کالج ہی سے پہچانتے تھے۔ پینڈو ڈنگا ٹیڑھا اور بھدا تھا مگر دل رومانوی تھا پینڈو کو مخلوط تعلیم کا تجربہ پہلی بار ہوا تھا، وہ اسکے سارے لڑکے کلاس فیلو سارا دن اور ساری رات ہم جماعت لڑکیوں کے بارے میں گفتگو کرتے رہتے علی الصبح یونیورسٹی پہنچتے اور ڈیپارٹمنٹ کے تالے لگنے تک سحر زدہ ہو کر غیر حقیقت پسند زندگی میں کھوئے رہتے۔ پینڈو بزدل تو بچپن سے ہی تھا اب رومانوی بھی ظاہر ہونے لگا ،بزدل تھا تو بہادر اور لڑاکے ہیرو تھے بزدل کیساتھ ساتھ رومانوی کا لاحقہ لگا تو دلیر رومانوی اسکے ہیرو بن گئے کیونکہ وہ بزدل رومانوی تھا نہ کسی سے اظہار محبت کی جرأت تھی اور نہ کسی سے دل کے راز عیاں کر سکتا تھا۔ مصدق ملک یہاں Enemy killer نہیں Lady killer کے طور پر سامنے آیا خوبصورت ، خوش لباس اور خوش لب ہونے کے ساتھ ساتھ اسکے والد شہر کے مشہور سینما مالک تھے بہادری کا طرہ بھی تھا ایسے میں خوبصورت چہرے اسکی طرف کھنچتے۔ مسئلہ یہ آن پڑا کہ انگریزی اور فارمیسی آمنے سامنے تھے گھر بالمقابل بن جائیں تو مقابلہ خود بخود شروع ہو جاتا ہے کچھ ایسا ہی معاملہ انگریزی اور فارمیسی کے شعبوں کا تھا مصدق ملک اور پینڈو کا جب بھی آمنا سامنا ہوتا مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوتا پینڈو اسکا فین تھا اور مصدق پرانی شناسائی کالحاظ کرتا ہو گا۔ شعبہ انگریزی کی خوبصورت اور ماڈرن تتلی، کشاں کشاں فارمیسی جاتی تو شعبہ انگریزی میں آگ لگ جاتی۔ پینڈو چونکہ عقل و شکل سے بے حیثیت تھا اسلئے وہ حسد کا جذبہ پالنے سے عاری تھا وہ تو اس پر رشک کرتا تھا ۔ وقت گزرتا رہا پینڈو غیر متوقع اور غیر فطری حادثات و واقعات سے شعبہ انگریزی کا آگووان بن گیا اس حیثیت میں مصدق ملک کے حاسدین تتلیوں کی فارمیسی حاضری پرچیں بہ جبیںہوتے پینڈو اسے ہنسی میں اڑاتا رہا اورکر بھی کیا سکتا تھا ،ایک فائٹر اوپر سے لیڈی کلر اور دوسری طرف پیدائشی بزدل اور متذبذب رومانوی۔ فتح تو لیڈی کلر کی ہی ہونی تھی۔

وقت نے زقند بھری پتہ چلا کہ مصدق ملک پڑھنے امریکہ چلا گیا ہے پینڈو صحافت کا جنونی ہوا اور وہیں مستقل ٹھکانہ بنا لیا۔ پینڈو کے شاعر و صحافی کو لیگ حماد غزنوی امریکہ گئے تو واپسی پر بتایا کہ مصدق ملک سے انکی یاد گار ملاقاتیں ہوتی تھیں دونوں نے امریکہ کے مختلف شہروں کے سفر بھی اکٹھے کئے وقت گزرتا گیا اور ایک دن پتہ چلا کہ ڈاکٹر اشرف کیساتھ مصدق ملک بھی پاکستان واپس آگئے ہیں اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کرینگے اس دوران مصدق ملک سے ملاقات ہوئی ایک زمانے کا لڑاکو اور دوسرے زمانے کا لیڈی کلر اب ایک پڑھاکو بن چکا تھا۔ فارمیسی کے زمانے میں بھی وہ ہمارے ہمعصر اور ٹاپ لکھاری ایم اے نیازی سے کسی نہ کسی تتلی کیساتھ ملنے گورنمنٹ کالج لاہور جایا کرتے تھے، پڑھائی اور دانش کا کیڑا تو پرانا تھا مگر امریکہ میں پڑھائی نے اسکو توانا کردیا تھا جنرل مشرف کے دور میں ڈاکٹر اشرف کو کرکٹ بھی ملی اور اعلیٰ ترین حکومتی رسائی بھی۔ مصدق ملک نے اس دوران اپنی ساکھ بنا لی اور جنرل مشرف کے ورثے میں صرف ڈاکٹر مصدق ملک ہی وہ واحد تھے جو آسانی سے نون نے اپنا لئے۔ پینڈو کو یاد ہے کہ اچھے دنوں میں ایک دن شہباز شریف نے مصدق ملک کے بارے میں پوچھا کہ وہ بطور وزیر اطلاعات کیسا رہے گا۔ پینڈو کا تو وہ ہیرو رہا تھا اسلئے اسکی تعریف کر دی حالانکہ پینڈو کی تعریف یا تنبیہ دونوں سے ذرہ برابر بھی فرق نہیں پڑنا تھا۔

واقعات کو پسنجر ٹرین کی رفتار سے بیان کرنےپرتو صفحات کے صفحات بھرجائیں اب ایکسپریس ریل پر سوار ہو کر لڑاکو، لیڈی کلر اور پڑھاکو وزیر کے حالیہ دورۂ بھارت پر نظر ڈالتے ہیں جس نے بھی مصدق ملک کا اس دورے کیلئے انتخاب کیا وہ داد کا مستحق ہے کیونکہ اس سے اچھی چوائس کوئی ہو ہی نہیں سکتی تھی، وہاں جا کر لڑکپن کا Lady killer پاکستان کا سفیر بن کر Hate killer (نفرت شکن) بن کر ظاہر ہوا۔ پینڈو بچپن سے سنتا آیا ہے کہ عشق مجازی سے عشق حقیقی تک کا سفر اسلئے آسان ہوتا ہے کہ عشق مجازی کی منزلیں بعض اوقات اسقدر دشوار اور اعصاب شکن ہوتی ہیں کہ عاشق صادق ہی انکو عبور کر پاتا ہے پینڈو کبھی عاشقِ صادق بن ہی نہ سکا اسلئے کبھی عشق کی منزل بھی نہ پا سکا۔ مصدق ملک عاشق صادق تھا مجاز بھی جیتتا رہا اور منزل حقیقی بھی پا لی۔ محبت اور وہ بھی انتہا کی محبت بالآخر نفرت شکن بن جاتی ہے عاشق صادق کو رقیب سے بھی پیار ہو جاتا ہے کیا رقابت اور کیا منزل حقیقی، ایک وقت آتا ہے کہ سب منزلیں گڈمڈ ہو جاتی ہیں اور صرف محبت کا جذبہ ہی باقی رہ جاتا ہے مجھے ڈر ہے کہ مصدق کہیں صوفی نہ ہو جائے اور آستانے پہ پینڈو کو حاضری نہ دینی پڑ جائے۔

بدقسمتی یہ ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی احساس رومانویت سے خالی ہے واجپائی شاعر تھا، مودی والی پارٹی بی جے پی میں شامل ہونے کے باوجود وہ امن کی طرف راغب ہوا ۔مودی نے نہ کبھی عشق مجازی کا تجربہ کیا نہ شعر و ادب کی دنیا کی شناوری کی۔ نفرت میں پلا اور اسی کا مسلسل اظہار کر رہا ہے دنیا نفرت سے نہیں محبت و امن سے سنورتی ہے۔ شومئی قسمت ہے کہ مودی نے اس خطے میں نفرت کی آگ کو مسلسل دہکایا ہوا ہے۔ مصدق ملک کے محبت کے دو بول شاید نفرت کے دہکتے الائو کو ٹھنڈا نہ کر سکیں مگر کہیں سے بلبل نغمہ سرا تو ہوئی ورنہ کوئوں اور چیلوں نے ہی اس خطے کو بسیرا بنا لیا تھا…

تازہ ترین