• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں کئی برس قیام کرنے اور بحیثیت ماہر امراض نفسیات خدمات انجام دینے کے بعد جب سے میں پاکستان واپس آئی ہوں، ایک چیز بار بار میری توجہ مبذول کرارہی ہے۔ لیکسوٹانلLexotanil۔ جب میں ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی ہوں تو لیکسو ٹانل لے لیتی ہوں۔ اسکے بغیر مجھے نیند نہیں آتی۔ میری والدہ یہ دوا لیتی ہیں۔ میری خالہ بھی لیتی ہیں۔ میں تو برسوں سے یہ دوا لے رہی ہوں وغیرہ وغیرہ۔( Lexotanil (Bromazepam کا تعلق بینز و ڈائر پین (Benzodiazepine) گروپ کی ادویات سے ہے۔ یہ کوئی وٹامن نہیں، نہ ہی نیند لانے والی کوئی بے ضر ر دوا ہے اور نہ محض اعصاب کو سکون پہنچانے والی کوئی معمولی چیز ۔ بینزوڈائز پین گروپ کی ادویات کا طویل عرصے تک استعمال کئی حقیقی طبی خدشات کا باعث بنتا ہے۔ ان میں دوا کے اثر میں بتدریج کمی ، دوا پر جسمانی انحصار ، ذہنی صلاحیتوں پر اثرات اور دواترک کرنے کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی علامات شامل ہیں۔

بحیثیت ماہر امراض نفسیات ، میرے لیے یہ معاملہ ایک دوا کے استعمال سے زیادہ ایک معاشرتی مسئلے کی حیثیت سے دلچسپی کا باعث ہے۔آخر اتنی بڑی تعداد میں خواتین اپنے اندر اٹھنے والی کن آوازوں کو خاموش کرنا چاہتی ہیں ؟واپس آنے کے بعد یہاں کی زندگی کا میں جتنا زیادہ مشاہدہ کرتی رہی ، اتناہی میرے ذہن میں یہ خیال تقویت پاتارہا کہ شاید اس سوال کے جواب کا کچھ حصہ اس غیر معمولی معاشرتی نگرانی میں پوشیدہ ہے، جسکے تحت خواتین زمانے سے زندگی گزارتی آئی ہیں۔انہیں مسلسل پر کھا جاتا ہے۔کیا ابھی تک تمہاری شادی نہیں ہوئی؟ کس سے شادی ہوئی ؟ تمہارے شوہر کیا کرتے ہیں؟ تمہارے بچے کس اسکول میں پڑھتے ہیں ؟ انہوں نے کتنے نمبر حاصل کیے ؟ اور بعض اوقات خواتین کو جس نکتہ چینی سے سب سے زیادہ تکلیف پہنچتی ہے ، وہ خود دوسری خواتین کی جانب سے ہوتی ہے۔ایک بظاہر معمولی سی صورتحال کا تصور کیجیے۔ تقریباً 30 برس کی عمر کی ایک غیر شادی شدہ خاتون کسی شادی کی تقریب میں شریک ہوتی ہے۔ بعض معاشرتی حلقوں میں ایک نہایت با صلاحیت اور کامیاب خاتون بھی ایسی تقریب میں جائے تو اسے اتنے سوالات، ہمدردی بھری نگاہوں، بن مانگے مشوروں اور دبے لفظوں میں کیے جانے والے تبصروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ جب وہ وہاں سے واپس لوٹے تو اسے محسوس ہونے لگے کہ اسکی زندگی میں بنیادی طور پر کوئی بہت بڑی خرابی ہے۔حالانکہ اسکے ساتھ کچھ بھی تو نہیں ہوا۔اس نے محض معاشرے کے مقرر کردہ وقت کے مطابق زندگی نہیں گزاری۔خود شادی بھی لازماً اس دباؤ کا خاتمہ نہیں کرتی۔ نسل در نسل بہت سی خواتین کو واضح طور پر یہ سکھایا گیا ہے کہ ازدواجی رشتے کو برقرار رکھنا، کامیاب بچوں کی پرورش کرنا، گھر سنبھالنا، خاندانی تعلقات کو قائم رکھنا اور اکثر خاصی جذباتی اذیت برداشت کرنا ایک اچھی عورت ہونے کے تقاضوں میں شامل ہے۔بعض از دواجی رشتوں میں رفاقت اور حقیقی دوستی ہوتی ہے۔ بعض دوسرے ازدواجی رشتے انتظامی اعتبار سے تو غیر معمولی حد تک کامیابی سے چل رہے ہوتے ہیں، لیکن جذباتی اعتبار سے ان میں تنہائی ہوتی ہے۔

اس صورتحال میں مالی انحصار ، مشکلات سے دو چار ازدواجی زندگی، وسیع خاندانی نظام کی پیچید گیاں ازدواجی بے وفائی یا بعض خاندانوں میں تعدادِ ازدواج، اور علیحد گی یا طلاق سے وابستہ دیرینہ معاشرتی بدنامی کو بھی شامل کر لیجیے۔ پھر کسی خاتون سے محض یہ کہہ دینا کہ اس رشتے کو چھوڑ دو ، ان حقیقی امکانات اور محد و در استوں کو سمجھنے کیلئے ہر گز کافی نہیں جو بہت سی خواتین کو میسر ہوتے ہیں۔چنانچہ لوگ حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیتے ہیں۔وہ برداشت کرتے ہیں۔اور بعض اوقات اس مسلسل برداشت کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی ذہنی و جذباتی تکلیف کو ادویات کے ذریعے کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک اور رجحان بھی میرے مشاہدے میں آیا ہےکہ دوسروں کی کامیابی کے حوالے سے خود اضطراب کا شکار ہونا ۔امریکا میں اپنے بچوں کی پرورش کے دوران میں تعلیمی کار کردگی کے موازنے کے حوالے سے ایک مختلف طرز عمل کی عادی ہو گئی تھی۔ عموماً مجھے معلوم نہیں ہوتا تھا کہ میری دوستوں کے بچوں نے کتنے نمبر حاصل کیے ہیں اور نہ انہیں میرے بچوں کے نمبروں کا علم ہوتا تھا۔ اگر کسی امتحان کا نتیجہ مایوس کن ہوتا تو اس مسئلے پر توجہ دی جاسکتی تھی، اس کے بغیر کہ اسے ماں کی تربیتی صلاحیتوں یا خاندان کی معاشرتی حیثیت کے بارے میں کسی فیصلے کا معیار بنادیا جائے۔یہاں میں بعض اوقات غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ماؤں کو اپنے بچے کے امتحان، نمبروں، کسی تعلیمی ادارے میں داخلے یا اسکی تعلیمی درجہ بندی کے حوالے سے شدید ذہنی اضطراب میں مبتلاد یکھتی ہوں۔ماں اپنے بچے کا موازنہ کسی دوسرے بچے سے کرتی ہے، جسکی ماں اپنے بچے کا موازنہ کسی اور کے بچے سے کر رہی ہوتی ہے۔یہ محض بچوں کی پرورش میں مسابقت کا رویہ نہیں ہے۔ بعض خواتین کیلئے ان کے بچوں کی کامیابیاں ایک طویل عرصے سے انکی اپنی معاشرتی قدر و منزلت کیساتھ اس طرح جڑگئی ہیں کہ انہیں ایک دوسرے سے الگ کرنا مشکل ہو گیا ہے۔بعض خواتین اس بات پر بے حد فخر محسوس کرتی ہیں کہ وہ کتنی زیادہ ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھا سکتی ہیں۔لیکن ہمارے اعصابی نظام کو اس بات سے کوئی خاص سروکار نہیں کہ معاشرہ مسلسل ذہنی دباؤ برداشت کرنے کو کسی قدر قابل تعریف سمجھتاہے۔بالآخر اعصابی نظام کو سکون اور راحت کی ضرورت محسوس ہوتی ہےاور بعض لوگوں کیلئے اس سکون اور راحت کا ذریعہ لیکسو ٹانل بن جاتی ہے۔تاہم ، جو بات مجھے پر امید کرتی ہے، وہ یہ ہے کہ مجھے ابھی سے اس صورتحال میں تبدیلی دکھائی دینے لگی ہے۔پاکستان کی نوجوان خواتین پہلے کی نسبت زیادہ تعلیم یافتہ ، پیشہ ورانہ ترقی کی خواہش مند اور مالی طور پر خود مختار ہو رہی ہیں۔ ان میں سے زیادہ خواتین اپنی ایسی انفرادی شناخت قائم کر رہی ہیں جو شادی اور ماں ہونے کی حیثیت سے الگ بھی اپناو جو درکھتی ہے۔نوجوان مردوں میں بھی تبدیلی آرہی ہے۔ میں زیادہ ایسے جوڑوں کو دیکھ رہی ہوں جو مرد اور عورت کے کرداروں کی سخت اور روایتی تقسیم کے بجائے باہمی شراکت پر مبنی ازدواجی زندگی کے خواہش مند ہیں۔تبدیلی کا یہ مرحلہ لازماً کچھ دشوار اور بے آرام کرنے والا ہو گا، کیونکہ معاشرتی اقدار اور روایات کسی ایک نسل کے دوران تبدیل نہیں ہو جاتیں۔جن خواتین کو برداشت کرنا سکھایا گیا تھا، وہ اب ایسی بیٹیوں کی پرورش کر رہی ہیں جو سوال اٹھانا سیکھ رہی ہیں۔اور شاید یہی وجہ ہے کہ لیکسوٹانل کے استعمال کے بارے میں اتنی بے تکلفی سے ہونیوالی گفتگو زیادہ سنجیدہ توجہ کی مستحق ہے۔

ایک ماہر امراض نفسیات کو اس جملے کے بارے میں جاننے کی جستجو ہونی چاہیے جو کوئی خاتون اس گولی کی طرف ہاتھ بڑھانے سے عین پہلے کہتی ہے۔” مجھے نیند نہیں آتی۔“کیونکہ شاید سب سے اہم اور دلچسپ سوال یہ نہیں ہے کہ اتنے زیادہ لوگ لیکسو ٹانل کے استعمال کرنے میں اس قدر مطمئن کیسے ہو گئے۔بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ آخر وہ کون سے حالات تھے جنہوں نے مسلسل ذہنی و جذباتی بے سکونی میں زندگی گزارنے کو ہی ایک معمول کی بات بنادیا؟

تازہ ترین