• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ سے پیوستہ: دنیا میں یہ خیال بہت مضبوط ہے کہ سیاست اور مذہب کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ اس سیکولر نظریے کے مطابق مذہب انسان کا ذاتی اور انفرادی معاملہ ہے جس کی بنیادی وجہ عیسائی تھیوکرسی کی خامیوں اور خرابیوں کا ردِ عمل ہے۔ جمہوری سیکولرزم کی اس سوچ کو اس وقت مزید تقویت ملی جب مذہبی حلقوں کو محض عبادات اور تبلیغ تک محدود کیا گیا۔ اگر کسی مذہبی شخصیت نے سیاسی معاملات پر لب کشائی کی یا عملاً سیاست میں حصہ لینے کی کوشش کی تو اسے سیکولر طبقوں سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ مذاہب کے حوالے سے لوگوں کی عمومی آرا کے پیشِ نظر یہ بات درست بھی معلوم ہوتی ہے ماسوائے اسلام کے۔ اسلام فقط مذہب نہیں بلکہ دین ہے جو زندگی گزارنے کا مکمل ضابطۂ حیات ہے، اس کی ہدایات محض عقائد و عبادات تک محدود نہیں بلکہ وہ سیاست، معیشت اور حکمرانی کے رہنما اصول جو قانون سے بالاتر ہیں متعین کرتا ہے۔ البتہ سیاست بھی دیگر عبادات کی طرح اسلام کا صرف ایک پہلو ہے۔ اسلام کی ہمہ جہتی، زندگی کے تمام شعبوں کے حوالے سے بلکل واضح ہے۔ دینِ اسلام میں ہر قانون، شریعت یعنی حاکمِ اعلیٰ (اللہ تعالیٰ) کے احکام کے تابع ہے لیکن اسلام کا اصل مقصود سیاست وحکومت نہیں بلکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی عبادات میں آزادی، عوام کو عدل و انصاف، تحفظ و عدم استحصال کی ضمانت ہے۔ دینِ اسلام میں طرزِ حکمرانی کے حوالے سے کوئی روڈ میپ نہیں نہ ہی حکومت سازی کے لیے کوئی ہدایات ہیں۔ تاہم اصول و قواعد ضرور بتا دیے گئے ہیں جن کے مطابق جُزیات طے کرنے کے فیصلے اہلِ علم کی ذمہ داری ہے۔ لہٰذا یہ اعتراض کہ اسلامی نظام کیسے نافذ ہوگا؟ کہ اسلام تو طرزِ حکمرانی جیسے اہم موضوع پر خاموش ہے، کم عقلی کی نشانی ہے۔ یہ ہمارے اہلِ علم و دانش کی ذمہ داری ہے کہ وہ دین کے رہنما اصولوں کے مطابق حکمرانی کے اختیارات، انتظامی معاملات اور طرزِ حکمرانی کا تعین کریں۔ اس کام کی علماء کرام سے امید کرنا یا ان پر اس کا بوجھ ڈالنا جان بوجھ کر اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرنے کے مترادف ہے۔ شریعت لوگوں کو گمراہی سے بچانے کے لئے صرف رہنما اصول بتاتی ہے جو ناقابلِ تبدیل ہیں لیکن دوسری جانب اسی شریعت میں اتنی لچک ہے کہ یہ انہیں اصولوں کے تابع حالات کے مطابق کوئی بھی قانون سازی کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

مشہور اسلامی مفّکر، تاریخ دان اور فلسفی ابنِ خلدون نے عملی سیاست اور مختلف اسلامی حکمرانوں کے یہاں سفارتی اور انتظامی فرائض سرانجام دیے تھے۔ ان کا تصورِ ریاست عین اسلامی ہے! وہ حکمران کے حوالے سے کہتے ہیں کہ وہ صاحبِ علم ہو لیکن متکبر نہیں، راست باز ہو، دینی تقاضوں سے واقف اور سیاسی بصیرت رکھتا ہو، ملکی اور بین الاقوامی معاملات سمجھتا ہو، اقرباء پروری اور کرپشن میں ملوث نہ ہو، پاکیزہ کردار اور قوت فیصلہ کا حامل ہو، اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے، قومی اور ریاستی مفادات کا تحفظ کرنے کا اہل ہو، عوام کے جان و مال، عزت و حقوق کا محافظ، ظلم و زیادتی نہ ہونے دے۔ معاشی فہم و فراست رکھتا ہو، طاقت رکھنے کے باوجود استعمال نہ کرے، قومی خزانے کو امانت سمجھے، اختیار کے باوجود مشاورت کرے، خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے۔ ریاست کی قوت و صلاحیت بڑھائے لیکن عوامی مفاد قربان کئے بِنا۔ اقتدار کو عوامی فلاح اور استحکام کے لیے استعمال کرے، ذاتی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت سمجھے۔ اس معیار سے ابنِ خلدون کے مطابق حکمران کی اصل کامیابی اس کے دورِ حکومت میں عدل و انصاف، عوام کی خوشحالی اور ریاست کے استحکام سے وابستہ ہے۔ وہ ایک اور اہم نقطہ بیان کرتے ہیں کہ حکمرانی فوج، معیشت، ٹیکس، زراعت، عدل ایک دوسرے سے بلاواسطہ منسلک ہیں کیونکہ ریاست کا استحکام و قوت فوج سے ہے، فوج کے لیے مالی وسائل کا تعلق معاشی سرگرمیوں اور ٹیکسوں سے ہے جبکہ معاشی سرگرمیوں کی بنیاد زراعت، تجارت اور پیداواری ترقی سے منسلک ہے جس کے لیے عدل و انصاف ضروری ہے۔ یعنی فراہمیٔ عدل میں اگر خلل پیدا ہوا تو معیشت کمزور ہوگی جس سے وسائل میں کمی پیدا ہوگی جو لامحالہ بلآخر ریاست کو کمزور کردے گی۔ وہ حکمرانوں اور انکے خاندانوں کی عیش پسندی، اقتدار کی مرکزیت، عوام سے دوری اور ان پر ظلم کو ریاستوں کے زوال کا سبب گردانتے ہیں۔ اس کے برعکس اطالوی سیاسی مفّکر نکولو میکاولی کے نظریاتِ حکمرانی بہت فرق ہیں۔ اس کی مشہور کتاب "دی پرنس" میں ایک وہ کامیاب حکمران میں روایتی اخلاقی اقدار نہیں بلکہ سیاسی قابلیت، ذہانت اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کا پرچار کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ حکمران میں شیر کی طاقت اور لومڑی کی مکاری ہو جو محض طاقت میں یقین نہیں رکھتا ہو بلکہ چالاکی کو بھی حکمرانی کے لیے اہم سمجھتا ہو۔ وہ عوامی محبت کی نسبت عوام کے دلوں میں خوف سے راج بہتر مانتا ہے البتہ حکمران کو عوامی نفرت سے اجتناب کا مشورہ دیتا ہے۔ وہ حکمران کو مثالی تصورات سے ہٹ کر اسے زمینی حقائق کے مطابق خود کو ڈھالنے اور بوقتِ ضرورت و حالات حکمتِ عملی تبدیل کرنے والا چاہتا ہے۔

اسی لیے یہ تفریق انتہائی اہم ہے کہ اسلام ایک نظریہ، ایک آفاقی دین ہے جو ہمہ گیر حیثیت رکھتا ہے۔ دنیا میں رائج سارے نظام ایک ایک کر کے ناکام ہو چکے ہیں۔ میکاولی اور ان جیسوں کے پیروکار بھی سب ناکام ہو چکے۔ تو کیا اب ہمیں اسلام جو ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے کی طرف آنے کی ضرورت نہیں؟ پاکستانی 80 سال سے ایک نظام کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں، نت نئے تجربے کرنے کے باوجود کامیاب نہیں اور نہ کامیاب ہوں گے جب تک ہم اللہ سبحانہ و تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کی نافرمانی کرتے رہیں گے۔ نہ معیشت ٹھیک ہوگی نہ سیاست اور نہ ہی ریاست! ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے اہلِ بصیرت، علم و دانش، سر جوڑ کر دنیا میں پیدا ہونے والے نظاموں کے خلاء کو اسلام کی روشنی سے منّور کرنے کی تیاری کریں وگرنہ ایک اور نیا لولا، لنگڑا، انسانی تخلیق کردہ تجرباتی نظام دنیا کو کئی دہائیوں تک سہنا پڑے گا۔ خدانخواستہ!

جلال پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشا ہو

جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی

تازہ ترین