• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی بورڈ سکھر نے بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا

سکھر( بیورو رپورٹ)ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر نے بارہویں جماعت کے پری میڈیکل اورپری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔پری میڈیکل اور پری انجنیئرنگ گروپ میں مجموعی طور پر طالبات بازی لے گئیں، پری میڈیکل اور پری انجنیئرنگ کی مجموعی طور پر پہلی پوزیشن طالبات نے حاصل کیں۔ پری میڈیکل گروپ میں پاک ترک انٹرنیشنل اسکول خیرپور کی ماریہ بتول زیدی نے 966مارکس لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پری انجنیئرنگ میں مجموعی طور پر آرمی پبلک اسکول /کالج پنوعاقل کی طوبیٰ نوید نے 969مارکس لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ناظم امتحانات سکھر عبدالسمیع سومرو نے نتائج کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ ، غلام قادر دھاریجو، محمد رفیق پلھ، امان اللہ انصاری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ناظم امتحانات نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں پری میڈیکل بوائز میں گورنمنٹ ڈگری کالج سکھر کے محمد جان انصاری نے 960مارکس لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، گورنمنٹ عطا حسین ڈگری کالج روہڑی کے دیپک پرکاش نے 959کے ساتھ دوسری، روشن تارا ہائیر سیکنڈی اسکول کے فیضان احمد نے 956مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، پری میڈیکل گرلز میں پاک ترک انٹرنیشنل اسکول خیرپور کی سید ماریہ بتول نے 966مارکس لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔کیمبرج پبلک ہائی اسکول میرپور ماتھیلو کی نور الفاطمہ اور آرمی پبلک اسکول سکھر کی شرمین نے 962مارکس لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی،سندھ پبلک ہائیر سیکنڈری اسکول گھوٹکی کی مسکان نے 957مارکس لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پری انجنیئرنگ اقراء پبلک ہائیر سیکنڈری اسکول گھوٹکی کے احسان اللہ نے 952مارکس لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی،گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج سکھر کے سید واجد علی نے 950مارکس کے ساتھ دوسری، دی ایکسیلنس اسکول/ کالج پنوعاقل کے محمد عمار نے 948مارکس لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری انجنیئرنگ گرلز میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج پنوعاقل کی طوبیٰ نوید نے 969مارکس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج سکھر کی فاطمہ اشفاق نے 950مارکس کے ساتھ دوسری ،روشن تارا ہائیر سیکنڈری اسکول گھوٹکی کی بشریٰ حفیظ نے 944مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ناظم امتحانات کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور ، نوشہروفیروز چاروں اضلاع سے 18084 امیدواروں نے امتحانات کیلئے فارم جمع کرائے جن میں سے 18080طلباء وطالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، 1135اے ون گریڈ ،3086 اے گریڈ، 4689بی گریڈ،4051سی گریڈ،541ڈی گریڈ،ای گریڈ ایک امیدوار نے حاصل کیا۔ مجموعی طور پر 13503امیدوار پاس ،5544فیل قرار پائے، 23امیدواروں کے کاپی کیس اور کاغذات مکمل نہ ہونے پر نتائج روک لئے گئے۔ پری میڈیکل طلباء میں کامیابی کا تناسب 70.43، طالبات میں 79.42اور مجموعی تناسب 74.68 فیصد رہا۔ پری انجنیئرنگ گروپ میں مجموعی طور پر 15994 امیدواروں نے فارم جمع کرائے ، 15990طلبہ وطالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، 508امیدوار اے ون گریڈ، 2851اے گریڈ، 3803بی گریڈ، 3540سی گریڈ 595ڈی گریڈ،2ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔
تازہ ترین