کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدرڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں ہاکی کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر قومی کھیل کا کھویا ہوا عالمی مقام واپس لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ہاکی کے فروغ کیلیے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میدانوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا، کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نصرت فہیم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جنیدنے کہا کہ کے ایچ اے کے صدر کی حیثیت سے میں بلاتفریق و بلاامتیاز ذمہ داری اداکروں گا، شہر میں ہاکی کے فروغ کے لیے سینیئرز کی رہنمائی میں باہمی مشاورت سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے، کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی، تعلیمی اداروں میں ہاکی کو پروان چڑھایا جائے گا، زیادہ سے زیادہ انٹر اسکول اور انٹر کلب ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے، ٹیموں کا انتخاب صرف میرٹ پر ہوگا، زائدالعمر کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، رجسٹرڈ کلبز کی اسکروٹنی کرکے جعلی کلبز ختم کردیےجائیں گے۔ میدانوں میںشادی و دیگر تقریبات کے انعقاد کی اجازت نہیں دیں گے ۔