• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

سکھر(بیورو رپورٹ) بلدیاتی نظام بحال ہونے کے بعد سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے نومنتخب میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ  30 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، نومنتخب میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق چوہان کو بلا مقابلہ کامیابی پر عوام اورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، پارٹی کارکنان کی جانب سے خوش آمدید کے بڑے بڑے بینر اور سائن بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں، جن پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، سینیٹر اسلام الدین شیخ ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق چوہان سمیت پارٹی قائدین کی تصاویر آویزاں ہیں۔ پیپلزپارٹی کی سکھر میں کلین سوئپ کامیابی کے بعد پارٹی کارکنان میں بہت زیادہ جوش وخروش پایا جارہا ہے۔ میئر سکھر کی رہائش گاہ سکھر ہاؤس پر صبح سے رات گئے تک کارکنان ، شہریوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔نو منتخب میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے بھی سکھر ہاؤس آنے والے مختلف علاقوں کے وفود اور پارٹی کارکنان سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے نو منتخب میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سندھ پیپلزپارٹی کا مضبوط قلعہ ہے اور سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں پیپلزپارٹی ہمیشہ سے کلین سوئیپ کرتی آئی ہے، بلدیاتی انتخابات میں عوام نے بھاری مینڈیٹ سے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا اور پیپلزپارٹی نے میئر سکھر، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کمیٹی، چار ٹاؤن کمیٹیوں میں بلا مقابلہ کامیابی حاصل کی جو عوام کا پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد کا ا ظہار ہے۔ اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد میری اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا ہوگا جس میں خاص طور پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی ، نکاسی آب کے نظام کوبحال کرنا ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری اورشہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو نہ صرف مکمل کیا جائے گا بلکہ مزید ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ بلدیاتی اداروں میں منتخب نمائندوں کے آنے کے بعد عوام کے مسائل کے حل میں مزیدبہتری آئے گی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، پارٹی کی قیادت نے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو واضح طور پر ہدایات دیں ہیں کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
تازہ ترین