کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں ہاکی کا فروغ میرا مشن ہے ، سابق اولمپیئنز اور ہاکی کھلاڑیوں کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر کام کرونگا، میرے دور میں بوگس کلبوں کا وجود بالکل عمل میں نہیں آئے گا۔ عنقریب نئے سیکرٹری کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ کے ایچ اے کے پہلے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سابق اولمپیئنز اصلاح الدین، سمیع اللہ، افتخار سید، وسیم فیروز، فرحت خان، ممتاز حیدر، منصور احمد، شاہد علی خان، سیکرٹری کے ایچ اے محمد فاروق خان، سینئر نائب صدر اعجاز الدین، جوائنٹ سیکرٹری ارشاد حیدر، جاوید اقبال، گلفراز احمد خان، طارق خان، ڈاکٹر ایس اے ماجد، ہاکی کمینٹیٹر ریاض الدین، غلام محمد خان اور ہاکی سے وابستہ دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ انٹر اسکولز ہاکی ٹورنامنٹس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جائے گا۔ کراچی میں ہاکی گرائونڈز کی قلت دور کی جائے گی اور مختلف گرائونڈز پر آسٹرو ٹرف لگانے کیلئے اسپانسرز کی مدد سے اقدامات کئے جائیں گے۔ اولمپیئن اصلاح الدین نے کہاکہ ڈاکٹر جنید علی شاہ سے ہاکی کے فروغ کے حوالے سے بہت اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ، اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی کے معاملات کوشفاف انداز میں چلا رہے ہیں اور ہمارے گرائونڈ پر مختلف تعلیمی اداروں کی ٹیمیں بلامعاوضہ پریکٹس کرتی ہیں ۔ اولمپیئن سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی پستی کا شکار ہے جس کوبچانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔