• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ دتہ چوہدری کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، میت پاکستان روانہ

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) معروف سیاسی سماجی و کاروباری شخصیت بابو چوہدری اللہ داد آف چکسواری کی نماز جنازہ برمنگھم سنٹرل مسجد میں ادا اور تدفین کیلئے میت قومی ائرلائن کے ذریعے اسلام روانہ کر دی گئی۔ آبائی گائوں میں تدفین آج 2ستمبر کو ہوگی۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں مختلف مکاتب فکر کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ تمام کوششوں کے باوجود مرحوم چوہدری اللہ داد کی میت ایک ہفتہ تاخیر سے ملی جس پر کمیونٹی کو سخت تشویش ہے۔ گزشتہ ماہ مرحوم افضل بٹ اور مولانا بوستان القادری کی میتیں بھی کورونر سے کئی دن کی تاخیر سے ملی تھیں جس پر روزنامہ جنگ اور جیو نے کمیونٹی کی ترجمانی کرتے ہوئے کونسل اور منتخب نمائندوں، لیڈر آف سٹی سے ملاقاتیں کرکے اس تشویش سے آگاہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کورونر سروسز میں تین نئی آسامیوں پر تعیناتی کی گئی تھی۔ اس کے باوجود کمیونٹی کو کوئی ریلیف نہ مل سکا اور اپنے پیاروں کی تدفین کے سلسلہ میں کئی دن کا انتظار معمول بن گیا۔ کمیونٹی رہنمائوں سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای، چوہدری عباس، مولانا سعید مکی، مرزا اختر محمود، افتخار قیوم مرزا، چوہدری امین، حاجی شریف، حاجی لیاقت، چوہدری عبدالرحمٰن اور دیگر نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر شہروں کی نسبت برمنگھم میں تدفین بھی مہنگی ہے اور کورونر سروسز سے اجازت بھی ایک دشوار مرحلہ ہے۔ متعلقہ حکام اس حوالے سے کردار ادا کرکے کمیونٹی کی مدد کریں، اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو کمیونٹی آئندہ کا اپنا لائحہ عمل جاری کرے گی۔ بابو اللہ دتہ چوہدری کی میت ان کے صاحبزادے منیر پاکستان لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین